ایک نیوز:وزیرداخلہ راناثنااللہ کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی واپس آئے تو اسپیکر ان کے استعفے واپس دے سکتے ہیں، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ اسمبلی میں واپس آئیں، سیاستدان بنیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں واپسی کیلئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو اپنے استعفے واپس لینے ہوں گے۔ پی ٹی آئی واپس آئے تو اسپیکر ان کے استعفے واپس دے سکتے ہیں، یہ ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہے ہیں، پنجاب میں بھرپور الیکشن لڑیں گے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی کا عندیہ دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں، نگران سیٹ اپ کیلئے قومی اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں۔ ہم نے قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کرلیا ہے، مسلم لیگ ن کے ایم این اے رابطے میں ہیں، پہلے ان کا ٹیسٹ کریں گے پھر اپنی پارٹی میں شامل کریں گے۔