ایک نیوز:راولپنڈی کے علاقے ڈھیری حسن آباد میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں وکیل کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ایڈووکیٹ شیخ عمران کو بچوں کے کے سامنے گولیاں ماری گئیں۔
پولیس کے مطابق مقتول وکیل شیخ عمران صبح بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ ڈھیری حسن آباد الف شاہ قبرستان کے قریب نامعلوم ملزمان نے ٹارگٹ کیا اور سر میں دو گولیاں ماری جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ایڈووکیٹ شیخ عمران اسلام آباد میں وکالت کرتے تھے۔ تھانہ سول لائنز پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، پولیس نے ریسکیو 1122 کی مدد سے وکیل کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ موقع سے مزید شواہد جمع کرنے کے لیے فرانزک ٹیم کو طلب کیا ہے۔
واقعے پر سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کرکے ملوث ملزمان کو فوری گرفتاری کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب وکلاء نے ایڈووکیٹ شیخ عمران کے قتل کے خلاف عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔