شہبازشریف از خود بھی اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں،خواجہ آصف

Jan 16, 2023 | 21:15 PM

ایک نیوز:وزیردفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ  اعتماد کے ووٹ کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، کوئی ہچکچاہٹ والی بات نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاکستان آنے کی تیاری مکمل ہے۔وکلا جب کہیں گے قانونی تیاری مکمل ہے نوازشریف پاکستان آ جائیں گے۔ نواز شریف کے ساتھ ناانصاف نہیں سانحہ ہوا ہے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کی سزا نواز شریف کو دی گئی جبکہ عمران خان کے ہاتھ توشہ خانے سے رنگے ہوئے ہیں اور ان پر بے شمار کیسز ہیں، عمران خان کے جرائم کی لمبی فہرست ہے۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں  نگران وزیراعلیٰ کیلئے ہم نے ناصر محمود کھوسہ سے رابطہ کیا تھا لیکن ہماری حکومت کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں تھی، نگراں وزیراعلیٰ کے لیے تمام اتحادیوں کے ساتھ آج فائنل کر لیں گے۔

وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ  ن لیگ دیوار سے نہیں لگے گی، سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، ن لیگ کو نقصان نہیں ہوا، سوشل میڈیا سے لوگ زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

 خواجہ آصف کا کہنا تھا تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں آنے دیں جب آئیں گے تو دیکھیں گے، اعتماد کا ووٹ ضروری نہیں کہ ان کے کہنے پر لیں خود بھی لے سکتے ہیں، ہمارے نمبر اللہ کے فضل سے پورے ہیں، کوئی ہچکچاہٹ والی بات نہیں ہے، پنجاب اسمبلی توڑنے سے وفاق کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ق لیگ کو تحریک انصاف میں ضم ہونے سے متعلق خبروں پر خواجہ آصف نے کہا کہ جہاں کا خمیر ہے وہاں پہنچ رہا ہے، ڈاکو چوروں کی چھتری کے نیچے اکھٹے ہو گئے۔

مزیدخبریں