ایک نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی محمود خان کو اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس گورنر خیبر پختونخوا کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ کے پی کے اسمبلی تحلیل کرنے کے متعلق حتمی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے کل بروز منگل کے پی کے اسمبلی تحلیل کرنے کے متعلق وزیر اعلی محمود خان کی ایڈوائس گورنر کو بھجوانے کی ہدایت کر دی ۔
دوسری جانب عمر ان خان نے پرویز الہی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پنجاب میں نگران وزیر اعلی کے متعلق مشاورت کی گئی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے باضابطہ نگران وزیر اعلی کے لیے تین نام گورنر پنجاب کو بھجوا دیئے ہیں۔
ادھر تحریک انصاف نے پنجاب میں انتخابات کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ عمران خان کی پنجاب اور کے پی کے پارلیمانی بورڈ سے ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق مشاورت بھی جاری ہے۔