عمران خان کا راجن پور ضمنی الیکشن خود لڑنے کا فیصلہ

Jan 16, 2023 | 12:25 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: چیئرمین تحریکِ انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان نے راجن پور سے خالی قومی اسمبلی کی نشست کیلئے ضمنی الیکشن خود لڑنے کا فیصلہ کر لیا جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے، پارٹی قیادت نے تجویز دی کہ خالی نشست پر عمران خان الیکشن لڑیں۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر تحریکِ انصاف میں شامل ہونے والے سردار جعفر خان لغاری کے انتقال پر خالی ہونے والی نشست کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انتخاب لڑنے کا عندیہ دے دیا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 193 راجن پور  کے  ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق پولنگ 26 فروری 2023 کو ہوگی۔


 واضح رہے کہ سردار جعفر خان لغاری جام پور کے حلقہ این اے 193 سے منتخب ہو کر 2018 کے الیکشن کے ذریعے رکنِ قومی اسمبلی بنے، تاہم اپنی 5 سالہ مدت پوری کرنے سے قبل ہی لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
طویل عرصے سے کینسر میں مبتلا سردار جعفر خان لغاری کی نمازِ جنازہ بھی لاہور میں ادا کردی گئی۔ تحریکِ انصاف کے متعدد رہنماؤں نے سردار جعفر لغاری کے انتقال پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

مزیدخبریں