بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ،کراچی میں پیپلز پارٹی کو برتری

Jan 16, 2023 | 10:23 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:  سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے ہونے والی پولنگ کے ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق کراچی کے 7 اضلاع میں پاکستان پیپلز پارٹی کو برتری حاصل ہے، اس کے بعد جماعت اسلامی (جے آئی) دوسرے اور تحریک انصاف تیسرے نمبر پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی 246 یونین کونسلوں میں سے 81 کے انتخابی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 46 نشستیں حاصل کی ہیں، جماعت اسلامی (جے آئی) 21 نشستوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان تحریک انصاف 13 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ایک نشست آزاد امیدوار نے جیتی ہے۔

قبل ازیں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہی، دریں اثنا، ای سی پی نے پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود ووٹرز کو اختتامی وقت پر ووٹ ڈالنے کی اجازت دی۔

کراچی میں 40 لاکھ سے زائد ووٹرز ہیں، جن کے لیے 4990 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے، ان میں سے 3415 کو حساس، 1496 کو انتہائی حساس اور 79 کو نارمل قرار دیا گیا۔

کراچی ڈویژن کے سات اضلاع کو 25 ٹاؤنز میں تقسیم کیا گیا، ضلع وسطی پانچ ٹاؤنز اور 45 یونین کمیٹیوں کے ساتھ سب سے بڑا ضلع ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 20 لاکھ سے زیادہ ہے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ پانچ ٹاؤنز اور 43 یونین کمیٹیوں اور تقریباً 1.4 ملین ووٹرز کے ساتھ دوسرا بڑا ضلع ہے۔

مزیدخبریں