ایک نیوز: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں ضمانت کی رقم 20 لاکھ سے 5 لاکھ کردی۔
رپورٹ کے مطابق عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کی ضمانت کی رقم کم کرنے سے متعلق درخواست پرسندھ ہائیکورٹ نے ضمانت کی رقم 20 لاکھ سے 5 لاکھ کردی ہے۔ عدالت کا دانیہ شاہ کی والدہ سے مکالمہ ہو ا جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس کتنے پیسے ہیں ؟ دانیہ شاہ کی والدہ کا اس پر کہنا تھا کہ میرے پاس کچھ نہیں ہے۔ عدالت نےاستفسار کیا کہ آپ کے اکاونٹ سے پیسوں کی ٹرانسیکشن تو ہوئی ہے،سچ بتائیں کتنے پیسے ہیں آپ کے پاس؟ جس پر دانیہ شاہ کی والدہ کا کہنا تھا کہمیرا داماد بینک میں ہے میری چیک بک بھی اس کے پاس ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے دو روز قبل دانیہ شاہ کی ضمانت منظور کی تھی۔ملزمہ دانیہ شاہ کو 20 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔سیشن عدالت سے دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت مسترد ہونے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔ عدالت کی جانب سے جاری تحریری فیصلہ میں کہا گیا تھاکہ ملزمہ دانیہ شاہ کی ضمانت بیس لاکھ روپے میں ضمانت منظور کی گئی ہے۔ ویڈیو وائرل کرنے کا الزام میں مزید تحقیقات ضروری ہیں۔سرکاری وکیل کے مطابق ملزمہ نے ایک انٹرویو میں ویڈیو بنانے کا اعتراف کیا ہے۔ اس واقعہ کے دو گواہان ہیں کیمرا مین اور انٹرویور،ماتحت عدالت دونوں گواہوں کے بیان کی روشنی میں بہتر فیصلہ کرسکتی ہے۔ عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکمنامہ میں کہا گیاہے کہ ملزمہ کے مطابق جس موبائل فون میں ویڈیو تھی اسے بیچ دیا تھا۔حیران کن طور پر ایف آئی اے نے فروخت شدہ موبائل فون برآمد کیا نہ ہی موبائل خریدنے والے سے انکوائری کی۔اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ عورت پر پرائیویسی کی خلاف ورزی کا اثر مرد پر پڑنے والے اثرات سے کہیں زیادہ ہے ۔مجرموں کو سزا ملنی چاہیے لیکن، ضمانت کے اس مرحلے پرعورت مرد سے زیادہ رعایت کی حقدار ہے۔اس بات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ ملزمہ 18 سالہ لڑکی ہے جس کی شادی کم عمری میں کر دی گئی تھی