ایک نیوز: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران کا عدالت میں قانون کے سامنے پیش نہ ہونا اس ملک کے نظام عدل و انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ’طاقتور کو قانون کے نیچے لاؤں گا‘ کی بڑھکیں لگانے والا اس ملک کی عدلیہ کو منہ چڑا رہا ہے، سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جنگل میں بھی کوئی قانون ہوتا ہے۔
عدالتی احکامات کے باوجود عمران کا عدالت میں قانون کے سامنے پیش نہ ہونا اس ملک کے نظام عدل و انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ " طاقتور کو قانون کے نیچے لاوں گا " کی بڑھکیں لگانے والا اس ملک کی عدلیہ کا منہ چڑا رہا ہے اور سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جنگل میں بھی کوئی قانون ہوتا ہے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) February 16, 2023
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے انہیں پیش ہونے کے لیے دوبارہ مزید مہلت دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں ساڑھے 12 بجے دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو ایسوسی ایٹ وکیل نے استدعا کی کہ ایڈووکیٹ اظہر صدیق ہدایات لے کر آ رہے ہیں، مزید کچھ وقت دے دیں۔
سماعت آج تیسری مرتبہ 2 بجے دن شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل اظہر صدیق اور معالج ڈاکٹر فیصل سلطان عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ میں موجودہ درخواستِ ضمانت واپس لینا چاہتا ہوں۔
جسٹس طارق سلیم نے کہا کہ سماعت 4 بجے دوبارہ کرتے ہیں، اس معاملے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ابھی ایک مسئلہ ہے، درخواست، حلف نامے اور آپ کے وکالت نامے پر عمران خان کے دستخط مختلف ہیں، دستخط کیسے مختلف ہو گئے؟
وکیل اظہر صدیق نے استدعا کی کہ مجھے وقت دیں، دیکھ لیتا ہوں۔