گورنر پنجاب نے الیکشن کی تاریخ سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ چیلنج  کردیا

پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ چیلنج 

ایک نیوز: صوبائی انتخابات کیلئے تاریخ دینے کا معاملہ، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے عدالتی فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔  عدالت نے گورنر پنجاب کی درخواست کو فوری سماعت کیلئے مقرر کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق گورنر بلیغ الرحمان نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ چیلنج  کردیا  ہے۔  لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کی درخواست کو فوری سماعت کیلئے مقرر  کرتے ہوئے دو رکنی بینچ تشکیل دیا ۔ جسٹس چودھری محمد اقبال  اور  جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے گورنر پنجاب کی درخواست پر سماعت کی۔

گورنر کے وکیل شہزاد شوکت  نے  دلائل دئیے جس کے بعد عدالت نے 27 اے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ بعدازاں  کیس کی مزید سماعت آئندہ منگل تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

 واضح رہے کہ گورنر پنجاب کی جانب سے شہزاد شوکت ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی  ہے  جس میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کی تشریح  کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار  کے مطابق  لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے الیکشن کمیشن کو گورنر پنجاب سے الیکشن کی تاریخ سے متعلق بات کرنے کا حکم دیا ہے تاہم گورنر پنجاب نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط ہی نہیں کئے۔