امریکی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ، دو جوان ہلاک

black hawk down 2 killed
کیپشن: black hawk down 2 killed
سورس: google

  ایک نیوز : امریکہ کی ریاست  ساؤتھ الباما میں  امریکی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر  گر کر تباہ۔ حادثے میں نیشنل گارڈ کے دو جوان ہلاک ہو گئے۔

ٹینیسی نیشنل گارڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کا ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹربدھ کے روز ہنٹس ویلے شہر میں ہارویسٹ کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا کہ ایک سڑک کے نزدیک گر گیا۔

ٹینیسی نیشنل گارڈ نے مزید بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد جائے حادثہ پر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جبکہ ہیلی کاپٹر پر سوار دونوں فوجی ہلاک ہو گئے۔

ہارویسٹ ہنٹس ویلے کے شمال مغرب میں ہے،جہاں ناسا کا مارشل اسپیس فلائٹ سینٹر واقع ہے۔ یہاں امریکی فوج کے ہتھیاروں کا ایک ذخیرہ بھی موجود ہے۔

ٹینیسی ملٹری فورسز کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل وارنر روس نے ایک بیان میں کہا، "ہمیں ٹینیسی نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کی موت پر انتہائی افسوس ہے۔ اس دلدوز سانحے پر ہماری دعائیں متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہیں۔"

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حادثے میں کوئی دیگر سویلین یا فوجی زخمی نہیں ہوا ہے۔

ٹینیسی کے گورنر بل لی نے بھی اس حادثے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔