ایک نیوز : ایک نیوز :عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ۔
تفصیلات کےمطابق شیخ رشید کی روبکار جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر نے جاری کی۔ شیخ رشید کے وکلاء روبکار لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے ۔دوسری جانب شیخ رشید کی رہائی کا سن کر عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئی ۔کارکنوں نےہاتھوں میں شیخ رشید کے بینرز اٹھارکھے تھے ، اس موقع پر شیخ رشید کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری پرعمران خان کےقتل کی مبینہ منصوبہ بندی کا الزام لگانے سے متعلق کیس میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے رہائی کا حکم دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے آصف زرداری پرعمران خان کےقتل کی مبینہ منصوبہ بندی کا الزام لگانے سے متعلق کیس میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی گرفتاری کی تیاری مکمل،سیکیورٹی اداروں کی اہم وارننگ
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید نے بیان دیا کہ انہوں نے عمران خان سے یہ معلومات لیں ، شیخ رشید سے آصف زرداری کے خلاف عمران خان کے قتل کی مبینہ سازش کے شواہد نہیں ملے، شیخ رشید کی بیان کی تفصیلات پیمرا سے حاصل کی گئیں۔
ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون نے موقف اختیار کیا کہ جو حکومت میں ہیں وہ کل اپوزیشن میں ہوں گے، شیخ رشید نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور بلاول بھٹو زرداری کو ننگی گالیاں دیں، شیخ رشید ایک سینیئر سیاست دان ہیں، ان کی گفتگو پارلیمانی ہونی چاہیے اگر تو یہ جرم نہیں دہراتے اور بیان حلفی دیتے ہیں توعدالت دیکھ لے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سب ایک ہی قسم کی گفتگو کرتے ہیں، سب پارلیمانی ہے، ہمیں پرائمری اسکول کے نصاب سے ہی تربیت شروع کرنی پڑے گی۔
شیخ رشید احمد کے وکیل سلمان اکرم راجانے عدالت کے روبرو اپنے دلائل میں کہا کہ یہ کیس ہی نہیں ہے جو ایڈووکیٹ جنرل بیان کررہے ہیں، شواہد میں ایسا کچھ نہیں ہے کہ بیان سے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان کوئی تصادم ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی گرفتاری، مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی میں نیا تنازع
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔عدالت نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض شیخ رشید کی رہائی کا حکم جاری کردیا۔
واضح رہے کہ شیخ رشید نے آصف زرداری پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ایک کالعدم تنظیم کو عمران خان کے قتل کے لے پیسے دیئے ہیں۔پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔
شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں۔
جس پر شیخ رشید کو 2 فروری کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں اسی روز اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ شیخ رشید کی درخواست ضمانت 2 ماتحت عدالتوں نے مسترد کردی تھیں ، جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔