بھارت کے معروف گلوکار اور موسیقار بپی لہری چل بسے

بھارت کے معروف گلوکار اور موسیقار بپی لہری چل بسے
ممبئی:بھارت کے مشہور گلوکار اور موسیقار بپی لہری69 سال کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بپی لہری گزشتہ ایک ماہ سے ممبئی کے نجی اسپتال میں داخل تھے، انہیں پیر کو ڈسچارج کر دیا گیا تھا منگل کے روز ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جس پر انہیں دوبارہ اسپتال لے جایا گیا۔
بپی لہری کو کئی بیماریاں لاحق تھیں تاہم ڈاکٹروں کے مطابق ان کا انتقال آبزیکٹیو سلیپ ایپنیا (نیند کی کمی) کی وجہ سے ہوا۔
بپی لہری کا اصل نام آلوکیش لہری تھا، وہ 27 نومبر 1952 کو مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی میں پیدا ہوئے تھے، ان کے والد کا نام اپریش لہری اور والدہ کا نام بنساری لہری تھا۔
بپی لہری نے 1980 اور 1990 کی دہائی میں اپنی موسیقی اور گانوں کے ذریعے کروڑوں لوگوں کے دلوں اپنی جگہ بنائی، بپی لہری نے نہ صرف ہندی بلکہ بنگالی، تامل، تلگو اور کنڑ زبانوں میں بھی گانے گائے۔
بھارتی موسیقار نے سیاست میں بھی قدم رکھا لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے، 2014 میں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے مغربی بنگال سے لوک سبھا (ایوان زیریں)کی نشست پر انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے۔