یونان کشتی حادثے میں 4 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

یونان کشتی حادثے میں 4 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق
کیپشن: Confirmation of death of 4 Pakistanis in Yunnan boat accident

ویب ڈیسک:وزارت خارجہ نے یونان کشتی حادثے میں مزید پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، زندہ بچ جانے والے 5 تارکین وطن کو اسمگلر کے طور پر گرفتار کرلیا گیا۔
دو روز قبل یونانی جزیرہ غاودوس، کریتی میں پناہ گزینوں اور تارکین وطن کو لے جانے والی لکڑی کی کشتی کے ڈوبنے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش کیلئے  کوسٹ گارڈ کا بڑا آپریشن جاری ہے۔
یونان کے جنوبی جزیرے کریتی کے قریب تین کشتیاں الٹنے سے 5تارکین وطن جاں بحق اور 40 لاپتا ہوگئے تھے، جبکہ 39 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جن میں زیادہ تر پاکستانی ہیں۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یونانی حکام کی جانب سے شیئر کی گئی تازہ ترین معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 4 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
ہفتے کو5 افراد کو مردہ حالت میں نکالا گیا، جبکہ ایک شخص کو تشویش ناک حالت میں  ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق 47 پاکستانیوں کو ریسکیو کرلیا گیا، فی الحال لاپتہ افراد کی تعداد کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔
ترجمان کے مطابق لاپتہ پاکستانی افراد کے متاثرین کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا گیا ، متاثرہ خاندان 6943850188-0030 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہمارا سفارت خانہ یونانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ بچ جانے والوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں اور لاشوں کو وطن واپس پہنچایا جا سکے۔