چیئرمین پی ٹی اے نے سالانہ رپورٹ  2024چیئرمین سینیٹ کو پیش   کردی  

Dec 16, 2024 | 18:13 PM

ایک نیوز: چیئرمین پی ٹی اے کی جانب سے سالانہ رپورٹ برائے سال 2024 چیئرمین سینیٹ کو پیش  کردی گئی۔  

تفصیلات کے مطابق  پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ ) حفیظ الرحمٰن نے پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2024 چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کو پیش کی،  یہ رپورٹ سال رواں کے دوران پی ٹی اے کی جانب سے کی گئی تکنیکی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ریگولیٹری اور صارف دوست اصلاحات کا جامع و مفصل جائزے پر مبنی ہے۔ 

چیئرمین پی ٹی اے نے تکنیکی ترقی، آن لائن تحفظ، صارفین کے حقوق کے تحفظ اور منصفانہ مسابقت کے فروغ کے پیش نظر اتھارٹی کے عزم کو اجاگر کیا ، انہوں نے معیاری اور کم لاگت ٹیلی کام سروسز کی فراہمی، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ، سائبر سکیورٹی  کے استحکام ، اور سروسز کی فراہمی میں مزید بہتر ی کے لیے پی ٹی اے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ 

چیئرمین سینیٹ نے پی ٹی اے کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان میں ٹیلی کام کے شعبے کی ترقی کے پیش نظر اس کے بنیادی کردار کو تسلیم کیا،  انہوں نے اس شعبے کی قومی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہمیت پر زور دیا۔ 

سالانہ رپورٹ کے مطابق، مالی سال 2023-24 کے دوران ٹیلی کام شعبے کو 955ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی، جو مالی سال 2022-23 کے مقابلے میں اقتصادی چیلنجز کے باوجود 17 فیصد زائد ہے۔ 

مزید برآں موبائل فون سروسز 91 فیصد آبادی تک پہنچ چکی ہیں جبکہ 4G سروسز 81 فیصد آبادی کو دستیاب ہیں، علاوہ ازیں کل ٹیلی کام سبسکرائبرز کی تعداد ستمبر 2024 تک 19کروڑ 60لاکھ تک پہنچ گئی۔

 براڈ بینڈ صارفین کی تعداد جون 2023 میں 12کروڑ 76لاکھ سے بڑھ کر 14کروڑ 23لاکھ ہو گئی، جبکہ موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا، جو 15.65 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 20.02 ایم بی پی ایس تک پہنچ گئی،  ڈیٹا کے استعمال میں بھی 24.2 فیصد اضافہ ہوا، جو مالی سال 2023-24 میں 25،141 پیٹا بائٹس تک پہنچ گیا،براڈ بینڈ تک رسائی 53.6 فیصد سے بڑھ کر 58.4 فیصد ہو گئی۔  

 مالی سال 2023-24 کے دوران 2 کروڑ 96لاکھ موبائل ڈیوائسز مقامی سطح پر تیار کی گئیں، جس سے ملک کی 94 فیصد مانگ پوری ہوتی ہے ۔ 

یہ ترقیاتی پیشرفت مختلف حکمت عملیوں اور ریگولیٹری اقدامات کی مرہون منت ہے، جن کا مقصد اس شعبے میں پائیدار ترقی اور جدت کے عمل کو یقینی بنانا تھا۔ 

سالانہ رپورٹ برائے سال 2024 پی ٹی اے کے اس عزم کی عکاس ہے کہ عالمی معیارات کے مطابق شعبہ ٹیلی کام ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب رواں دواں ہے،اس حوالے سے مکمل رپورٹ پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ 

مزیدخبریں