معصوم بچوں پر حملہ گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم ہے:صدرپاکستان 

Dec 16, 2024 | 11:05 AM

ایک نیوز: صدر مملکت آصف علی زرداری کا آرمی پبلک سکول پشاور حملے کی 10ویں برسی پر پیغام میں کہنا تھا کہ16دسمبر 2014ء کے افسوسناک دن دہشت گردوں نے ہمارے بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا۔
  صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن دہشتگردوں نے معصوم بچوں سمیت شہریوں کو سفاکیت سے قتل کیا،دہشتگردوں نے اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا، معصوم بچوں پر حملہ گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم ہے، سانحہ اے پی ایس سے واضح ہے کہ دہشتگردوں کا ایجنڈا ملک میں فساد اور انتشار پھیلانا ہے۔
  صدر زرداری نے کہا کہ 16دسمبر کے دن نے ہماری قوم کی اجتماعی یادداشت پر انمٹ نقوش چھوڑ ے ، ہمارے ہمدردیاں معصوم جانوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، یہ دن ہمیں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہماری قوم کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،اے پی ایس حملہ ہمارے بچوں، ہمارے مستقبل اور ہمارے وجود پر حملہ تھا، سانحہ اے پی ایس جیسے واقعات دہشتگردوں اور خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردوں کو کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی، سانحہ اے پی ایس نے ہمیں دہشتگردی کے خلاف بحیثیت قوم متحد کیا، تاریخ گواہ ہے پاکستانی قوم مصیبتوں کے سامنے ہمت نہیں ہارتی،یہ دن دہشتگردی کے خلاف متحد ہونے، اس عفریت کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ياد دلاتا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیاسی قیادت نے بھی قربانیاں دیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہآج ہم اپنے بہادر سپاہیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اپنے بچوں، قائدین اور شہریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی باقیات جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔

مزیدخبریں