قوم بزدل دہشتگردوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے:شہباز شریف

 قوم بزدل دہشتگردوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے:شہباز شریف
کیپشن: The nation is standing as a leaden wall against the cowardly terrorists: Shahbaz Sharif

ایک نیوز:وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا سانحہ آرمی پبلک سکول کے دس برس مکمل ہونے پر پیغام میں کہنا تھا کہ آج پاکستان کی تاریخ کے ایک ناقابل فراموش سانحے اور بڑے نقصان کے دس سال مکمل ہو رہے ہیں، ہمارا دل غم زدہ اور خون کے آنسو روتا ہے۔
انہوںنے کہا کہ یہ ایک ایسا دل سوز واقعہ تھا جس کی یاد ایک دہائی سے ہمارے دلوں کو مضطرب کر رہی ہے،16دسمبر 2014 کو بزدل، بے رحم اور حیوانیت سے بھرپور دہشت گردآرمی پبلک سکول پشاور کے احاطے میں گھس کر تباہی و بربادی کرتے ہوئے 144 معصوم جانوں کو ہم سے ہمیشہ کیلئے جدا کر گئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس حیوانیت کا شکار ہوکر شہید ہونے والوں میں سے اکثریت کم سن بچوں کی تھی جو کہ بہت ہی کم عمری میں ہمیں غمگین کرکے دنیا سے چلے گئے، ان کی زندگی، ان کے خواب، ان کی امیدیں، ان کا مستقبل ان سے چھین لیا گیا، اس سانحے کو خواہ کتنا ہی وقت کیوں نہ گزر جائے، ان معصوم و کم سن بچوں کی جدائی کے صدمے کو مٹا نہیں سکتا. ان ننھی کونپلوں نے اس دن ناقابل برداشت ظلم و بربریت کا سامنا کیا اور جام شہادت نوش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم ان بزدل دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور انشاء اللہ کھڑی رہے گی مجھ سمیت پوری قوم ہمارے بچوں و اساتذہ کی بہادری کو سلام، انہیں خراج عقیدت، ان کے خاندانوں کی قربانیوں اور ہماری سیکورٹی فورسز کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو آج بھی تمام ملک دشمن عناصر سے پوری ہمت اور جواں مردی سے نبرد آزما ہیں۔