ویب ڈیسک: پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم ہوگئی۔ اسموگ کے تدارک کیلئے پہلی بار لاہور کے مختلف علاقوں میں مصنوعی بارش برسائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاہور کے 10 سے 15 کلو میٹر کے ایریا میں یہ پلان کیا گیا اور 10 علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوئی۔
نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور کے اکثر مقامات پر بارش ہوگئی ہے، مصنوعی بارش کے دوران 18 فلیئرز فائر کیے گئے جب کہ مصنوعی بارش میں یو اے ای نے سپورٹ کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مصنوعی بارش کیلئے ہم نے کوئی خصوصی خرچہ نہیں کیا، اس میں صرف پانی کا خرچ ہوا، اسموگ کے خاتمے کیلئے اگر خرچہ کرنا بھی پڑتا تو میں دریغ نہ کرتا جب کہ مصنوعی بارش کا صحت پر کوئی نقصان نہیں ہے، اگر نقصان ہوتا تو دبئی اور امریکا جیسے ممالک یہ نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی بارش کا تجربہ ہمارے کے لیے بہت ضروری تھا اور اس کے نتائج رات تک سامنے آئیں گے، وفاقی حکومت مصنوعی بارش کے منصوبے پر کام کررہی ہے جب کہ لاہور شہر میں اسموگ ٹاورز بھی جلد انسٹال ہوجائیں گے۔
لاہور میں مصنوعی بارش بیچ کرافٹ کنگ ائر سی 90 کے ذریعے کی گئی۔امریکی ساخت کے اس جہاز میں 6 نشستوں ،2 انجن اور 500 کلو وزن لے جانے کی گنجائش ہے۔ائر کرافٹ نے مصنوعی بارش کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا۔
نگران حکومت کے مطابق مصنوعی بارش کےدوسرے فیز کی تیاری کی جارہی ہے۔ایریا گوجرانوالہ تک بڑھایا جارہا ہے۔مصنوعی بارش ایک ملی میٹر سے بھی کم ریکارڈ کی گئی۔