ویب ڈیسک: دنیا کی سب سے بڑی انسٹینٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے چیٹ میں دو بڑی تبدیلیاں کردی ہیں جو واٹس ایپ صارفین کے لیے انتہائی کارآمد ثابت ہوں گی۔
واٹس ایپ فیچر کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ نے ’پِن (pinned) میسج فیچر‘ متعارف کردیا ہے۔
پِن میسج فیچر کا مطلب ہے کہ آپ واٹس ایپ گروپ یا اپنے کسی دوست کے چیٹ باکس کے اندر اہم پیغام کو پِن کرکے اسے چیٹ کے سب سے اوپری حصے پر لاسکتے ہیں، یعنی مخصوص پیغام کو پِن کرنے کے بعد آپ اپنی گفتگو جاری رکھ سکتے ہیں لیکن وہ مخصوص پیغام چیٹ کے دوران سب سے پہلے موجود رہے گا۔
یہ فیچر اسی طرح ہے جیسے ہم واٹس ایپ پر مخصوص لوگوں کے چیٹ باکس کو پِن کرتے ہیں۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین بالخصوص گروپ چیٹ کے لیے اہم پیغامات تلاش کرنا آسان ہو جائے گا۔
یہ فیچر گروپ چیٹس کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے کیونکہ گروپ چیٹ میں ڈھیروں میسجز آنے کی وجہ سے اہم اعلان یا پیغامات پر نظر رکھنا مشکل ہوتا ہے۔
پن کیے ہوئے پیغامات کے ذریعے گروپ چیٹ کے ہر ممبر کو اس پیغام تک آسانی سے رسائی ہو گی۔
ویب سائٹ کے مطابق یہ فیچر پاکستان سمیت مختلف ممالک میں متعارف کیا جاچکا ہے اور اب صارفین اس فیچر سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ یہ فیچر کس طرح کام کرے گا۔
اسکرین شاٹ کے مطابق میسج کو ایک بار کلک کرنے پر تین آپشن دکھائی دیں گے، ان میں سے پِن کے آپشن پر کلک کرکے مخصوص میسج کو چیٹ میں پِن کرسکتے ہیں۔
البتہ آپ صرف مخصوص وقت کے لیے میسج کو پن کرسکتے ہیں، پن کے آپشن کو کلک کرنے کے بعد مزید تین آپشن دکھائی دیں گے، ان میں سے آپ 24 گھنٹے، 7 دن یا 30 دنوں کے لیے میسج کو پِن کرسکتے ہیں۔
واٹس ایپ نے ’پن فیچر‘ کے ساتھ ہی ’ون ٹائم ویو وائس میسج‘ کا فیچر بھی متعارف کیا ہے۔
جب آپ کسی دوست کو وائس میسج بھیجتے ہیں تو عمومی طور پر وہ وائس نوٹ چیٹ میں ہی موجود رہتا ہے جسے آپ یا آپ کا دوست کسی بھی وقت دوبارہ سُن سکتے ہیں۔
لیکن اب اس فیچر کو مزید جدید کردیا ہے، یعنی آپ وائس میسج ’ویو ونس‘ کے ساتھ بھیج سکتے ہیں۔
اس نئے فیچر میں بھیجی جانے والی وائس نوٹ کو ایک بار ہی سنا جاسکتا ہے اور اس کے بعد وائس نوٹ غائب ہوجاتی ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق چیٹ پر ویو ونس بھیجے جانے والے وائس نوٹ کو کوئی بھی فارورڈ، سیو یا ڈاؤن لوڈ نہیں کرسکتا۔