ایک نیوز: عدالت نے ڈیفنس کارحادثہ کے مرکزی ملزم افنان کے عمر کے تعین کا ٹیسٹ دوبارہ کروانے کی اجازت دے دی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں ڈیفنس کار کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔
پولیس نے ملزم کی عمر کے تعین کے لیے دوبارہ ٹیسٹ کی استدعا کی تھی۔ پولیس نے مؤقف اپنایا تھا کہ ملزم افنان کے عمر کے تعین کا ٹیسٹ پہلے دو ڈاکٹرز نے کیا تھا۔ ملزم افنان کے عمر کے تعین کا پہلا ٹیسٹ کی رپورٹ تسلی بخش نہیں آئی۔
پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ملزم افنان کے دوبارہ عمر کے تعین کے لیے بارہ رکنی ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ پولیس نے استدعا کی کہ عدالت دوبارہ عمر کے تعین کا ٹیسٹ کروانے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج ہے۔