ایک نیوز: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ امریکہ,اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے آرمی چیف کا انتہائی گرم جوشی سے استقبال کیا گیا،عالمی امن اور استحکام کے لیے سیکرٹری جنرل نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی جانب سے اقوام متحدہ کو تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ امن مشنز میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کے تعاون کو سراہا جو دنیا کے امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی تمام سنجیدہ کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کی تصدیق کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنی بات چیت کے دوران خاص طور پر جاری کشمیر اور غزہ کے مسائل پر روشنی ڈالی اور کہاکہ جنوبی ایشیا میں امن اس وقت تک خواب رہے گا جب تک کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل تلاش نہیں کیا جاتا۔
آرمی چیف کی جانب سے جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی بھی مذمت کی گئی۔
آرمی چیف سید عاصم منیرنے کہا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ آرمی چیف نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا، اقوام متحدہ غزہ میں مخاصمت کے فوری خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرے تاکہ انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔ مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل دو ریاستی حل میں مضمر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے معصوم شہریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا جنہیں بے دردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔غزہ میں خاطر خواہ انسانی امداد فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے تحفظات کو تسلیم کیا۔
انتونیو گوتریس نے جنرل عاصم منیر کا اقوام متحدہ کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف کی امریکی اعلیٰ حکام سےاہم ملاقاتیں
آرمی چیف کا امریکی دورہ کامیابی سے جاری ہے اور دورے میں آرمی چیف امریکی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
اب تک آرمی چیف اپنے دورے میں سیکرٹری آف سٹیٹ، ڈیفنس سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری آف سٹیٹ، ڈپٹی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف اور اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے کامیاب ملاقاتیں شامل ہیں۔
آرمی چیف کے کامیاب دورے سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا ۔آرمی چیف کے دورے سے پاکستان کا اہم امور پر نکتہ نظر بھی موثر طریقے سے اجاگر ہو رہا ہے۔