سانحہ اے پی ایس:نگران وزیراعظم سمیت دیگراہم شخصیات کاپیغام

Dec 16, 2023 | 10:34 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ،مرتضٰی سولنگی سمیت دیگر اہم شخصیات نے سانحۂ آرمی پبلک اسکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشک بار ہو جاتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ 9 برس پہلے آج کے دن دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر بزدلانہ حملہ کیا، یہ ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مستقبل، ہمارے چمن کی ننھی کونپلوں کو روند کر قوم کا حوصلہ پست کرنے کی ناکام کوشش کی، آرمی پبلک اسکول پشاور کے سانحے نے اس قوم کا عزم مضبوط تر کیا، قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پرنسپل شہید طاہرہ قاضی، نہتے اساتذہ طالب علموں کو بچانے کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹی رہیں اور جامِ شہادت نوش کیا، آج کا دن ان عظیم شہیدوں کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔

 انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انسانی تاریخ میں قربانی کی ایسی تابندہ مثالیں بہت کم ملتی ہیں، پاکستانی قوم دہشت گردی کی جنگ جیت چکی ہے، قوم نے دشمن کے پاکستان میں شر انگیزی اور انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دیے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگوں کو بزدل دہشت گرد کبھی ہرا نہیں سکتے، پوری قوم کو اپنے ان عظیم شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے، پوری قوم سانحۂ آرمی پبلک اسکول کی یاد میں غم زدہ ہے۔

نگراں وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ پوری قوم پہلے سے زیادہ مضبوط اور اس عفریت کے خلاف متحد ہے، پاکستانی قوم تمام شرپسندوں کو جہنم واصل کرنے تک اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا واضح پیغام ہے، پاکستانی قوم متحد ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سانحہ اے پی ایس کے شہداءکی 9 ویں برسی پر پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کو گذرے 9 برس بیت گئے مگر بچھڑنے والوں کا غم آج بھی تازہ ہے،16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداءکی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا،بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا،اس دن کو یاد کر کے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا،سانحہ اے پی ایس کے شہداءنے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس واقعے کے بعد تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے، دہشتگردی کیخلاف متحد ہوئے، بیس نکاتی قومی ایکشن پلان بنایا گیا اور دہشتگردوں کو شکست دی گئی،بدقسمتی سے بعد میں پارلیمان اور عوامی اداروں کی رائے لیے بغیر ماضی قریب کے ایک حکومت نے دہشتگردوں کو واپس آنے دیا جس سے ملک میں دہشتگردی کی ایک نئی لہر کا آجکل ہم مقابلہ کر رہے ہیں،دنیا بھر میں دہشتگردوں کی خوشامد سے دہشتگردی کبھی ختم نہیں ہوئی۔ پاکستانی عوام اپنے ریاستی اداروں کی طاقت سے  دہشتگردی کی اس نئی لہر کو بھی شکست دیں گے اور یہی آج کا پیغام ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ ہمارا عزم پختہ اور جذبہ سچا ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے،ہم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے طویل سفر طے کیا ہے،دفاع وطن اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے تمام ریاستی ادارے بشمول سول و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں،پاکستان دیرپا امن اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آرمی پبلک سکول کے شہداءکے درجات بلند کرے او ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ افواج پاکستان کے شہداءکو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک میں امن کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن 

آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء اور ان کے والدین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، دہشت گردوں نے 9 سال پہلے آرمی پبلک اسکول پشاور میں سفاکیت کی بدترین مثال رقم کی۔ 
گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ قوم کے دل آج بھی سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی یاد میں رنجیدہ ہیں، بزدل دہشت گردوں نے معصوم بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنا کر تاریخ کا سیاہ باب رقم کیا۔

محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء نے پوری قوم اور اداروں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکجا کیا، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا پیغام

سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی 9 ویں برسی پر اسپیکر قومی اسمبلی نےشہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ملک کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا،آج کے دن شر پسند عناصر نے قوم کے مستقبل یعنی معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا کر بزدل ہونے کا ثبوت دیا،سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کا واقعہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا درد ناک واقعہ تھا، 9 برس بیت گئے لیکن شہداء اے پی ایس کا غم آج بھی دل میں ترو تازہ ہے، اس غم کو بھلایا نہیں جا سکا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہداء اے پی ایس کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی،پاکستان پیپلز پارٹی سے بڑ کر  شہیدوں کے غم کو کوئی نہیں سمجھ سکتا،پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے،پاکستان کی عظیم لیڈر چیئرپرسن پاکستان پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر بھٹو بھی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھیں،سانحہ اے پی ایس کے معصوم  ہیروز کی قربانیاں ہمیں دہشتگردی کے خلاف یکجا ہونے کا پیغام دیتی ہیں،ہمیں اُن خاندانوں پر فخر ہے جنہوں نے سانحہِ اے پی ایس کے عظیم صدمے کو برداشت کیا ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پوری قوم اُن غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، ملک کی تاریخ میں اے پی ایس کے معصوم ہیروز  کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،16 دسمبر کے دلخراش واقعے نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف جنگ کے عزم کو مضبوط کیا،ہماری مسلح افواج نے پوری قوم کی مدد سے دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کا اعادہ کیا،پوری قوم کے جذبے کے نتیجے میں دہشتگردی پر قابو پانے میں مدد ملی،آج ایک بار پھر دہشتگرد ہماری سیکیورٹی فورسز  کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج بھرپور عزم کے ساتھ نبردآزما ہے،دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کیلئے پوری قوم سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا ہے کہ مسلح افواج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں،ہمیں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تعلیم کو اپنی میراث بنانے کی ضرورت ہے،اسپیکر نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے بچّوں کا درد اور دکھ پوری قوم آج بھی محسوس کر رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کےصدرشہبازشریف 

اے پی ایس سانحہ میں شہید ہونےوالوں کی 9ویں برسی کے موقع پر ایک پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے، نو سال پہلے آج کے دن ہمارے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہم شہدا، ان کے والدین اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے غم میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی، 9 سال پہلے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ شروع کی گئی تھی، ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج کے دن سکیورٹی فورسز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہادری اور شجاعت سے لڑ رہی ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف کی دہشت گردی کے خاتمے کی پالیسی پر عمل نہ روکا جاتا تو آج دہشت گردی دوبارہ زندہ نہ ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گرد کسی کے دوست نہیں، دہشت گردی مذمت سے نہیں، پاکستان دشمنوں کی مرمت سے ختم ہو گی، افسوس دہشت گردوں کو واپس لاکر قوم کی زندگی سے کھیلا گیا، ملک کا امن تباہ کیا گیا، معیشت کی بنیادیں ہلا دی گئیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آج پھر سابق وزیراعظم نواز شریف جیسے آہنی عزم و ارادے اور فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام

مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے 9 سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت، اہل خانہ سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا 16 دسمبر 2014 کے دن قوم کے دل پر لگنے والا زخم بھر نہیں سکتا،ہم اپنے معصوم بچوں کا پاک لہو بھول نہیں سکتے، ان کا غم آج بھی تازہ ہے،دہشت گرد آج بھی وہی کر رہے ہیں جو 9 سال پہلے کر رہے تھے،شہدا، ان کے والدین اور سکیورٹی فورسز کو ہم سلام کرتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ میرے قائد نواز شریف نے 9 سال پہلے قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، قومی قوت سے دہشت کو کچل دیا،وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردوں کو ملک سے نکالا تھا، نواز شریف کو اقتدار سے نکالا کر دہشت گردوں کو واپس لایا گیا،دہشت گردی کے خلاف نواز شریف کی پالیسی روک کر قوم پر ظلم کیا گیا،سکیورٹی فورسز کے جذبے، عزم اور بہادری کو سلام کرتا ہوں،امیر مقام نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

مزیدخبریں