انقرہ میں اے پی ایس پشاور دہشت گرد حملے کے شہداء کی یاد میں تقریب

Dec 16, 2023 | 10:30 AM

ایک نیوز: 2014 میں آرمی پبلک اسکول پشاور پر ہونے والے وحشیانہ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے اسکول کے بچوں اور عملے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 15 دسمبر 2023 کو انقرہ کے علاقے کیسورین میں تقریب منعقد ہوئی۔

پاکستانی سفیر، جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی، کیسورین میونسپلٹی اور پاکستان ایمبیسی کے عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے ترکی کے میئر Keçiören Turgut Altinok نے اے پی ایس دہشت گردانہ حملے کی پر زور مذمت کی۔

ترکی کے میئر کا کہنا تھا کہ ترکی کے عوام زندگی کے تمام پہلوؤں بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ میئر نے ہندوستان کے غیرقانونی طور پر زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ترکی کی حمایت کا اعادہ کیا۔

سفیر جنید نے اظہارِ یکجہتی اور دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والی قیمتی جانوں کی یاد کو زندہ رکھنے پر ترک بھائیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ سفیر جنید کا کہنا تھا کہ یہ 144 درخت دہشت گردی سے لڑنے کے لیے پاکستان اور ترکی کے 30 کروڑ عوام کے پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

سفیر کا مزید یہ کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو دہشتگردی کی وجہ سے بے شمار نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ یہ فیصلہ دہشت گردی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں ںے مزید کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔ جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جانا ہے۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بھارتی آئین اور بھارتی عدالتوں کی بالادستی نہیں ہے۔ سفیر جنید نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اصولی موقف اپنانے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ 

پاکستانی سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے جائز مقصد کے لیے اپنی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

بعد ازاں، سفیر نے میئر کیسیورین اور دیگر معززین کے ہمراہ اے پی ایس کے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

مزیدخبریں