20 سے زائدارکان رابطےمیں ہیں ، چودھری سالک کا دعویٰ

Dec 16, 2022 | 23:53 PM

ایک نیوز نیوز :چودھری شجاعت کے بیٹے اور وفاقی وزیرچودھری سالک حسین نےدعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت ایم پی ایز کو فنڈز آفر کر رہی ہے، ہمارے ساتھ 30 کے قریب ایم پی ایز رابطے میں ہیں۔
تفصیلات کےمطابق چودھری سالک حسین نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کو بچانے کیلئے ہمیں اسٹریٹجی کی ضرورت نہیں ،پنجاب حکومت خود بھی جانا نہیں چاہتی ، ر وزانہ زمان پارک جا کر قائل کیا جا رہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو نہ توڑا جائے، میرا نہیں خیال کہ پرویز الہٰی اتنی جلدی جائیں  گے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف اپنا ہی سوچتے ہیں، 
مجھے اس الائنس کے اندر آگے بھی مشکلات نظر آ رہی ہیں،پرویز الہٰی نے وزارت اعلیٰ کے لیے خاندان کے دو ٹکڑے کئے ،وہ آخری وقت تک اسمبلی تحلیل نہ کرنے کیلئے عمران خان کو قائل کریں گے ۔
چودھری سالک نے مزید کہا کہ سیاست میں کوئی چیز بھی حتمی نہیں ہوتی،مارچ اپریل میں جو ہوا اگر اس کا ازالہ ہو جائے تو پھر بات چیت میں کوئی حرج نہیں، پچھلے 7،8مہینے میں جو دیکھا میرا تو سیاست سے دل بھر گیا،اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں تو پنجاب میں الیکشن ہو سکتے ہیں ، اسمبلی تحلیل کرنے سے پرویز الہٰی اور پی ٹی آئی کو ہی نقصان ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ توشہ خانہ معاملے کے بعد عمران خان کی مقبولیت میں کمی آئی ، عمران خان کے صاف شفاف والے بیانیے کو ضرور دھچکا پہنچا ہے، عمران خان سوشل میڈیا کی حد تک مقبول ضرور ہیں۔

ان کا مزید کہناتھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسحاق ڈار کی میٹنگ بہتر انداز میں چل رہی ہے، ان کا کہناتھا کہ میں خصوصی طور پر نواز شریف سے ملنے لندن نہیں گیا تھا، والد کے کہنے پر نواز شریف سے ملاقات کی ، ملاقات میں مریم نواز ، حسن اور حسین نواز بھی موجود تھے،ملاقات میں پرانی کچھ باتیں بھی ہوئیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی حکومت میں مجھے منسٹری کی آفر ہوئی تھی ، شجاعت صاحب نے کہا کہ مونس الہٰی کا نام چل رہا ہے تو وزارت اسے ہی ملنی چاہیے ، ہماری کوشش تھی کہ خاندان میں غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں۔

مزیدخبریں