مصطفیٰ نواز کھوکھر کا پیپلزپارٹی چھوڑنے کا اعلان

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا پیپلزپارٹی چھوڑنے کا اعلان
کیپشن: Mustafa Nawaz Khokhar's announcement to leave PPP

ایک نیوز نیوز : پیپلزپارٹی کےسینئر رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے پیپلزپارٹی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ۔

تفصیلات کےمطابق ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کھوکھرنے پیپلزپارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جس دن استعفیٰ لیا گیا تھا اس کے بعد کچھ نہیں بچاتھا ۔ پیپلزپارٹی کا اب حصہ نہیں ہوں پارٹی قیادت بہتر جواب دے سکتی ہے کہ استعفیٰ کیو ں لیا گیا ۔میں پیپلز پارٹی کیلئے نیک تمنائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ۔

سیاسی جماعت میں شمولیت کے سوال پر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کس پارٹی میں جانا ہے ، اس حوالے سے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ساتھیوں کی مشاورت کے بعد کروں گا۔انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں وقت اور حالات کہاں لے جاتے ہیں ،پیپلز پارٹی کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا،پلوں کے نیچے سے پانی بہہ چکا ہے ،پیپلز پارٹی کے ساتھ اب چلنا عزت پر کمپرومائز کرنے والی بات ہے ، میں جو پوزیشن لے لیتا تھا اسے اتنا پسند نہیں کیا جاتا تھا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں وقت کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے ،جو پوزیشن لیتا رہا ہوں اس پر دل مطمئن ہے ،عمران خان  کے د ور میں سیاسی مخالفین پر بدترین تشدد ہوا ،سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا گیا، اعظم سواتی کے معاملے میں حکومت غلط کر رہی ہے ، علی وزیر جیل میں ہے اسے کیوں رہائی نہیں مل رہی،علی وزیر کی ضمانت ہوتی ہے تو دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر 2018 میں پیپلز پارٹی کی نشست پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے 10 نومبر 2022 کو اپنے نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کچھ معاملات پرپارٹی قیادت سے ناراض تھے ۔وہ وقتاً فوقتاً پارٹی قیادت پر تنقید بھی کرتے رہتے تھے ۔اعظم سواتی کے معاملے پر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے آواز اٹھائی تھی ۔سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دینے کے بعد انہوں نے میڈیا سے  بات چیت کر تے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی  پارٹی کے ایک سینئر لیڈر سے ملاقات ہوئی جس کے دوران انہیں بتایا گیا کہ پارٹی قیادت ان کے سیاسی مؤقف سے خوش نہیں اور چاہتی ہے کہ میں سینیٹ سے استعفیٰ دے دوں۔ جس کے بعد انہوں نے سینیٹ سے استعفیٰ دیدیا تھا ۔