نوازشریف کا500 یونٹ تک بجلی صارفین کیلئے 14روپے ریلیف کا اعلان

نوازشریف کا500 یونٹ تک بجلی صارفین کیلئے 14روپے ریلیف کا اعلان
کیپشن: Nawaz Sharif announced Rs 14 relief for electricity consumers up to 500 units

 ویب ڈیسک:مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز کے ہمراہ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کیلئے بجلی کے فی یونٹ میں 14 روپے کمی کی جائے گی، اس مد میں 45 ارب روپے خرچ ہوں گے جو عوام کیلئے باعث اطمینان ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 500 یونٹ والے صارفین کو یہ ریلیف دیا جائیگا، پنجاب حکومت نےاگست اورستمبرکے بلوں میں فوری ریلیف دینےکا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ معلوم ہےعوام مہنگائی، بجلی کے زیادہ بلوں سے پریشان ہے، 21 اکتوبرمینارپاکستان جلسے میں بجلی بلوں پرکافی گفتگو کی تھی، میرے دورمیں غریبوں کا بجلی بل 1600 آتا تھا آج 18 ہزار آرہا ہے، غریب بچوں کا پیٹ پالے گا یا اپنی تنخواہ بلوں میں اجاڑدے گا۔

نوازشریف نے کہا کہ میرے زمانے میں بجلی کا بل کتنا تھا اورآج کس قدربڑھ گیا ہے، ہمارے دورمیں بجلی کےبل بہت کم آتے تھے، ہمارے دورمیں آمدنی اخراجات سے زیادہ تھی ،ن لیگ  کے پچھلے دورمیں 10، 10 روپے کلو سبزیاں بھی ملتی تھیں۔

پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے اس  بات کا بھی اعلان کیا کہ مریم نوازسولرپینل سکیم بھی لارہی ہیں،پنجاب حکومت نے سولرسکیم کیلئے 700 ارب روپے رکھے ہیں۔

صدرمسلم لیگ ن نے کہا کہ 2013میں ہم نے معیشت کوٹھیک کیا، ماضی کےاخباردیکھ لیں توکہا جاتا تھا پاکستان معاشی قوت بننے والا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 2013 کی ن لیگ دور میں ہم ڈالر کو 95 روپے پر لیکر آئے تھے، ڈالر 104 روپے 4 سال تک رکھاجب تک مجھے نکال نہیں دیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے بیٹے حسن سے 10 ہزار درہم تنخواہ نہیں لینے پرمجھے نکالا گیا، چند ججز نے مجھے اس لیے نکالا کہ میں نے اپنے بیٹے حسن سے تنخواہ نہیں لی،میں آج بھی کہتا ہوں مجھے کیوں نکالا؟

صدر مسلم لیگ ن  کا کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم سے ہٹا کر بڑا جرم کیا گیا اور ملک کیساتھ زیادتی کی گئی، مجھے اس لیے نکالا کہ 35 روپے کلو والا آٹا آج کتنا مہنگا ہوگیا ہے، مہنگائی کا طوفان ہم نے نہیں کیا، یہ کرنے والے اور لوگ ہیں، میں نام لیتا ہوں، بانی پی ٹی آئی سے یہ کام شروع ہوا، آئی ایم ایف خود کہہ رہا تھا کہ پاکستان کوہماری اب ضرورت نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے زمانے میں شرح سود 5 فیصد پر تھا جو 22 فیصد پر لے گئے، شرح سودآج بھی ساڑھے 19 فیصد ہے تو کون سرمایہ کاری کرے گا ؟ کچھ ذمہ داریاں قوم کی بھی ہیں جوپوری کرنی چاہئیں تھیں۔