ایک نیوز :سال رواں کی پہلی ششماہی میں عمان نے روزگار کے حوالے سے مقررہ ہدف کا 53 فیصد حاصل کر لیا ہے جو اعداد و شمار کے لحاظ سے 18 ہزار 716 سے تجاوز کر گیا ہے۔
خلیج کے مؤقر نشریاتی ادارے العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سال رواں کے ماہ اپریل میں عمان کے وزیر محنت مہد سعید نے کہا تھا کہ ان کی وزارت 2023 کے دوران 35 ہزار نئی ملازمتیں فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
روزگار کی فراہمی اور ری پلیسمنٹ کے حکومتی منصوبے کا مقصد عمانی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا اور غیرملکیوں کی جگہ عمانیوں کو روزگار فراہم کرنا ہے۔
عمان کی وزارت محنت کے مطابق پہلی مرتبہ روزگار حاصل کرنے والے اورایک جگہ چھوڑ کر دوسری جگہ روزگار حاصل کرنے والوں کی تعداد 35 ہزار 202 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے شاہی فرمان جاری کیا تھا جس کے تحت عمان کے قوانین محنت میں ترامیم کی گئی تھیں۔
عمان میں متعارف کرائے جانے والے نئے قوانین عمان وژن 2040 کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں، قوانین میں ملک کی افرادی قوت اور ان کے فرائض و حقوق کو ترجیح دی گئی ہے۔