چھوڑ کر جانے پر خاتون نے بوائے فرینڈ کے بیٹے کو قتل کر دیا  

Aug 16, 2023 | 22:10 PM

ایک نیوز: بھارت میں  24 سالہ خاتون نے  بوائے فرینڈ کے چھوڑ کر چلے جانے کے بعد  اس کے بیٹے کو قتل کردیا۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ  بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پیش آیا جہاں 24 سالہ پوجا کماری نامی خاتون نے اپنے بوائے فرینڈ کے 11 سالہ بیٹے  دویانش کو  قتل کرنے کے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

بھارتی  پولیس  نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پوجا کماری اور  جتیندر  کئی سالوں سے تعلق میں تھے، دونوں 2019 سے ساتھ رہ رہے تھے مگر 3 سال بعد جتیندر  پوجا کماری کو چھوڑ کر اپنی بیوی اور بیٹے کے پاس واپس چلا گیا۔

 بھارتی پولیس کے مطابق  جتیندر کا چھوڑ کر چلے جانا پوجا کماری سے برداشت نہ ہوا اور رواں ماہ 10 اگست کو پوجا نے جتیندر کے دوست سے  اس کے گھر کا ایڈریس معلوم کیا اور وہاں پہنچ گئی۔پوجا نے جتیندر کے  گھر کا دروازہ کھلا دیکھا تو اندر گھس گئی جہاں  جتیندر کا 11 سالہ بیٹا دویانش بستر پر سورہا تھا اور گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا، موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پوجا کماری نے بچے کا گلا کھونٹ کر قتل کیا اور پھر اسے ایک ڈبے میں ڈال کر بیڈ کے نیچے چھپا دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پوجا کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا، دوران  تفتیش پوجا نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے اور  بچے کو اس کے اور جتیندر کے درمیان شادی کی رکاوٹ  قرار دیا ہے۔

مزیدخبریں