میانمار ،مٹی کا تودہ گرنے سے 32 کان کن ہلاک

میانمار ،مٹی کا تودہ گرنے سے 32 کان کن ہلاک
کیپشن: Myanmar, 32 miners were killed in a landslide

ایک نیوز: میانمار میں قیمتی جیڈ پتھر کی کان پر مٹی کا تودہ گرنے سے 32 کان کن ہلاک ہوگئے۔ 

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق جیڈ پتھر کی کان پر مٹی کا تودہ گرنے کا واقعہ میانمار کی جنوبی ریاست کیچن کے پہاڑی علاقے ہپکانت میں پیش آیا۔کان پر مٹی کا تودہ گرنے کا واقعہ اتوار کے روز  پیش آیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا لیکن بدقسمتی سے 32 کان کن ہلاک ہوگئے۔

 محکمہ فائر سروس کے مطابق مٹی کا تودہ گرنے سے قریبی جھیل میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا تھا جس کی وجہ سے کان کنوں کو نکلنے میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ فائر سروس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ مرنے والے 31 افراد کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ایک شخص کے لواحقین کی تلاش جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں پائے جانے والے قیمتی جیڈ پتھر کا 70 فیصد میانمار سے نکالا جاتا جبکہ ہپکانت دنیا کی سب سے بڑی اور منافع بخش جیڈ پتھر کی کان ہے جس کی قیمت اربوں ڈالرز  ہے۔