ایک نیوز: شہید اے ایس آئی شہزاد احمد چیمہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز سیالکوٹ میں ادا کر دی گئی.
شہید اے ایس آئی شہزاد احمد چیمہ کی نماز جنازہ میں آرپی او ڈاکٹر حیدر اشرف، کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او، پولیس افسران ، وکلاء اور سول سوسائٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسد خاکی تدفین کیلئے آبائی گاؤں بھانوں پنڈی روانہ کر دیا گیا.
شہید کے جسد خاکی کو پورے اعزاز کے ساتھ ڈسکہ سے پولیس لائنز لایا گیا.تمام راستہ شہریوں نے فرض کی خاطر جان قربان کرنے والے شیر جوان کا شایان شان استقبال کیا.شہر کے تمام اہم چوراہوں اور شاہراہوں پر شہید کے قافلے پر بھرپور گل پاشی کی گئی جبکہ پولیس کے افسران و جوانوں نے شہید کو سلامی پیش کی. آر پی او ڈاکٹر حیدر اشرف، کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سیالکوٹ نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی.پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی شہید کی بلندی درجات کیلیے دعا کی گئی.
ترجمان کے مطابق آرپی او گوجرانوالہ ڈاکٹر حیدر اشرف نے شہید اے ایس آئی کے بھائی اور بیٹے سے ملاقات کی.
آر پی او ڈاکٹرحیدر اشرف کاکہنا تھا کہ پولیس کے بہادر سپوت اے ایس آئی شہزاد احمد چیمہ کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائے گی۔ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا.پوری قوم شہداء اور ان کی فیملیز کی قرضدار ہے شہید کے ورثاء کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا.