ایک نیوز: کراچی کے مکینوں کیلئے بری خبر آگئی۔ شہر قائد کو پانی فراہم کرنے والی حب کنال میں شگاف پڑگیا ہے۔ جس کی وجہ سے ہزاروں گیلن پانی ضائع ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حب کینال میں شگاف پڑنے کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق اطلاع ملنے پر واٹر کارپوریشن حکام موقع پر پہنچ گئے اور شگاف کا معائنہ کیا۔ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے حب کینال کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
چیف انجینئر بلک واٹر کارپوریشن کے مطابق حب کینال میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد مرمتی کام شروع کیا جائے گا۔ مرمتی کام اگلے چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں مکمل کیا جائے گا۔ شہریوں سے التماس ہے کہ پانی احتیاط سے استعمال کریں۔
ایگزیکٹو انجینئر حب کنال اظہار ہاشمی نے کہا ہے کہ حب کنال میں پڑے شگاف کی مرمت کا کام شروع ہو چکا ہے، شگاف کی مرمت کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شگاف کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور چیف آپریٹنگ آفیسر کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
انہوں ںے بتایا کہ حب کنال کی حفاظتی دیواریں 45 سال پرانی ہیں، مسلسل پانی کے بہاؤ سے دیواریں کمزور ہو جاتی ہیں۔
دوسری جانب واٹرکارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ حب کنال کی دیواروں کی مرمت کیلئے 2 کروڑ روپے کی سمری بنا کر دی ہوئی ہے۔