گجر ، اورنگی نالہ متاثرین کیس ،وزیراعلی سندھ کو توہین عدالت کانوٹس جاری

 گجر ، اورنگی نالہ متاثرین کیس ،وزیراعلی سندھ کو توہین عدالت کانوٹس جاری

ایک نیوز: گجر نالہ، اورنگی نالہ متاثرین کیس میں عدالت نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گجر نالہ عمل درآمد کیس میں وزیراعلی سندھ کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت ہوئی۔سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری، کمشنر کراچی،ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو کل طلب کرلیا ہے۔

فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے 25 اکتوبر 2021 میں آخری حکم دیا۔  جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ توہین عدالت درخواست کیوں دائر کی اب آپ نے؟ جس پر  فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا کہ دو سال ہوچکے کسی ایک شخص کو گھر نہیں ملا،سندھ حکومت نے اورنگی، گجر نالوں کے متاثرین کی حامی بھری تھی۔

 جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ سندھ حکومت نے دو سال میں بحالی کا پلان دیا،آپ دو تین ماہ پہلے ہی سپریم کورٹ آگئے ہیں جس پر فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے ریمارکس دیے کہ پہلے اس لیے آئے کیونکہ کوئی ایک کام نہیں ہوا، گھروں کے علاؤہ سوک سہولیات بھی دینا تھیں۔سندھ حکومت کو ہر ماہ پیش رفت رپورٹ دینا تھی۔جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا چیف سیکرٹری کی کوئی رپورٹ پیش ہوئی؟ اب تو وزیراعلی سندھ ایک دو روز میں چلے جائیں گے، انہیں جیل بھیج کر کیا کریں گے۔

فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا کہ دو سالوں میں متاثرین کو چار چیکس دینا تھے، یہ چیک کرایے کی مد میں دینا تھے لیکن چار میں سے صرف دو چیک ادا کیے گئے۔جسٹس محمد علی مظہر  نے استفسار کیا کہ کیا متاثرین نے سندھ حکومت سے رابطہ کیا؟ کیا اس معاملے میں کوئی فوکل پرسن ہے؟ کیونکہ غریب آدمی براہ راست وزیراعلی سندھ سے کیسے رابطہ کرے گا؟ غریب آدمی تو وزیراعلی سندھ ہاؤس میں داخل نہیں ہوسکتا۔

سپریم کورٹ نے   وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے  چیف سیکرٹری، کمشنر کراچی،ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو کل طلب کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ وزیراعلی سندھ کی طلبی کا معاملہ چیف سیکرٹری کی رپورٹ کے بعد کریں گے۔