غیر منقولہ جائیداد کی فروخت، منتقلی پر ٹیکس ادائیگی و طریقہ کار میں تبدیلیاں

Aug 16, 2023 | 11:34 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: ایف بی آر نے غیر منقولہ جائید اد کی فروخت،ا منتقلی پر انکم ٹیکس آر ڈیننس 2001کے سیکشن 7ای کے تحت عائد ٹیکس کی ادائیگی اور طریقہ کار میں تبدیلیاں کر دی ہیں ،لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب میں اطلاق روک دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سیکشن 7ای کا اطلاق پنجاب میں نہیں ہوگاجبکہ ملک کے دیگر صوبوں اور وفاقی دارلحکومت میں اطلاق کے حوالے سے اہم تبدیلیاں کر دی گئی ہیں اس حوالے سے رئیل سٹیٹ سیکٹر نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ سیکشن 7ای کا اطلاق پورے ملک میں جلد مکمل طور پر ختم ہو جائیگا انکے مطابق غیر منقولہ جائیداد کی فروخت یا منتقلی رک گئی تھی اور ملک میں پراپرٹی کی خریدوفروخت کی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی تھیں۔

ایف بی آر نے اس حوالے سے سرکلر نمبر تین جار ی کر دیاہے جسکے مطابق 21جولائی 2023کو سیکشن 7ای سے متعلق جاری سرکلر کا اطلا ق لاہور ہائیکورٹ کے دائرہ کار کے علاقہ پر نہیں ہوگا جب تک عدالت کا یہ فیصلہ انٹر اکورٹ اپیل یا سپریم کورٹ میں کی جانیوالی اپیل کی صورت میں معطل  نہیں ہوجاتا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جائیداد کی فروخت یا منتقلی کی صورت میں ایف بی آر کے کمشنر ان لینڈ ریونیو سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے تاہم غیر منقولہ جائیداد کی فروخت یا منتقل کرنیوالی مجاز اتھارٹی اب جائیداد کی خریدوفروخت کا مکمل ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات رکھے گی اور اسکو ہفتہ وار بنیادوں پر متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کویاریجنل ٹیکس آفس بھیجا جائیگا جس کا اطلاق 15اگست 2023سے ہوجائیگا۔

21جولائی کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ترمیم کرتے ہوئے اب اوورسیز  افراد بشمول پاکستانیوں کو جائیداد کی فروخت پر سیکشن 7ای کا اطلاق ختم کر دیا گیا ہے اور انکواستثنیٰ دیدیا گیا ہے۔سیکشن 7ای کا اطلاق اب صرف ریذیڈنٹ پاکستانیوں پر ہی ہوگا اس حوالے سے نان ریذیڈنٹ افراد کو جائیداد کی فروخت یا منتقلی پر اپنے پاسپورٹ کی نقل، فارم ب، شناختی کارڈ کی نقل اور دیگر دستاویزات جمع کرانا ہونگی۔

اوورسیز  پاکستانی ایسے افراد ہیں جن کا پاکستان میں 183دن سے کم قیام ہو، اسکا اطلاق ٹیکس 2022کیلئےیکم جولائی 2021سے30جون 2022اور، 2023کیلئےیکم جولائی 2022سے 30جون 2023تک کیلئے ہوگاجبکہ اسکے بعد آنیوالے مالی سال پر بھی نان ریذیڈنٹ افراد پر سیکشن 7 ای کا اطلاق نہیں ہوگا۔

علاوہ ازیں سیکشن 7ای کا اطلاق پاکستان آرمڈفورسز سے تعلق رکھنے والے شہدا،انکے لواحقین ، پاکستان آرمڈ فورسز ، وفاقی یا صوبائی حکومت کی سروس کے دوران وفات پانیوالے افراد پر بھی نہیں ہوگا، وفاقی وصوبائی حکومت اور آرمڈ فورسز میں ملازمت کرنیوالے یا ریٹائرڈ افراد پر اس کا اطلاق ختم کر دیا گیا ہے اس کیلئے مجاز اتھارٹی کو ثبوت کی دستاویزات جمع کرانا ہونگی۔

مزیدخبریں