ایک نیوز: 76ویں یوم آزادی پر کینیڈین پاکستانیوں کا انوکھا انداز، پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کرکے 30فٹ لمبااور چوڑا پاکستانی پرچم لہرایا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں سمیت کینیڈین پاکستانیوں نے جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا۔ پرچم کشائی کی تقریب میں کینیڈین پاکستانیوں نے عظیم الشان پرچم لہرایا۔
اس پاکستانی جھنڈے کی لمبائی اور چوڑائی 30 فٹ تھی، تقریب میں شرکاء کی جانب سے پاکستانی ملی نغمے گائے گئے اور تقاریر بھی کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔
یوم آزادی کی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر برائے امیگریشن اینڈ ملٹی کلچرل ازم البرٹا تھے۔ اس تقریب کے منتظمین اور شرکاء کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد نوجوانوں کو پاکستان کی اہمیت سے روشناس کروانا تھا، سمندر پار پاکستانیوں نے یہ ثابت کردیا کہ وہ دنیا کے جس کونے میں بھی رہیں ان کا دل پاکستان کے لئے دھڑکتا رہے گا۔