مادروطن پر جان نچھاور کرنے والے شہدائے پاکستان کو سلام

Aug 16, 2023 | 10:55 AM

ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام ، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وطن کی مٹی نے پکارا،ہمارے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر لبیک کہا، سپاہی غلام مسعود شہید بے باک، نڈر اور وطن پر مر مٹنے کا عزم رکھنے والے جانباز مجاہد تھے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔

تفصیلات کے مطابق سپاہی غلام مسعود شہید 12 جولائی 2023 کو ژوب کینٹ بلوچستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہادت کے رتبہ پر فائز ہوئے، سپاہی غلام مسعود نے سوگواران میں بیوہ، ایک بیٹا اور والدین چھوڑے۔

سپاہی غلام مسعود کی شہادت پر ان کے لواحقین نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ سپاہی غلام مسعود شہید کی بیوہ کا کہنا تھا کہ سپاہی غلام مسعود میرا بہت خیال رکھتے تھے، میں اپنے بیٹے کو پڑھا لکھا کر فوج میں بھرتی کرواوٴں گی۔ 

سپاہی غلام مسعود شہید کے والد نے کہا کہ ہمارے بیٹے نے ملک و قوم کی خاطر جان دے کر ہزاروں جانیں بچائیں۔ شہید کے بھائی نے بتایا کہ مجھے اپنے بھائی کی شہادت پر بہت فخر ہے۔ مجھے موقع ملا تو میں اپنے بھائی کی طرح اپنی جان کا نذرانہ پیش کروں گا۔ 

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شہیدوں کی تصویروں کو جلایا گیا ، جس سے ہمارے دلوں کو ٹھیس پہنچی۔ 

شہید کی بہن نے کہا کہ جب بھی بھائی چھٹی پر آتے تھے کچھ نہ کچھ لاتے تھے، مجھے اپنے بھائی پر فخر ہے کہ وہ قوم کے لئے شہادت کے رتبہ پر فائز ہوئے۔ سپاہی غلام مسعود شہید وطن عزیز کے دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن گئے۔

مزیدخبریں