ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ 3 کارروائیوں کے دوران 185 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے، جامشورو پر ٹرک کے خفیہ خانوں سے 180 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ دوران کارروائی شکارپور اور حیدرآباد کے رہائشی 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
ایک دوسری کارروائی میں لک بائی پاس کوئٹہ کے قریب ٹیکسی گاڑی میں سوار چاغی کا رہائشی ملزم گرفتار کیا گیا۔ جس کے قبضے سے 1 کلوگرام آئس اور 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ ملزم نے برآمدہ منشیات کار کی ڈگی میں چھپائی ہوئی تھیں۔
تیسری کارروائی میں حیات آباد ٹول پلازہ پشاور کے قریب مہران گاڑی کی سیٹوں میں چھپائی گئی 3 کلو 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ خیبر کے رہائشی دو ملزمان منشیات باڑہ سے پشاور اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔