ایک نیوز نیوز:27 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ 2022 کا سب سے بڑا مقابلہ 28 اگست پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ شائقین میں میچ کے ٹکٹ کے حصول کے لئے دوڑ جاری ہے اور اس کی طلب کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹکٹس کی آفیشل ویب سائٹ کریش کر گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ٹیمیں آئندہ مقابلے کے لئے تیار ہیں۔ بھارت کی ٹیم ایشیا کپ 2022 کے لئے 20 اگست کو جبکہ پاکستانی ٹیم 22 اگست کو روانہ ہوگی۔
ایشیا کپ 2022 میں پاک بھارت میچ کے لئے کرکٹ پرستاروں کے درمیان ٹکٹوں کو لے کر بھی بھاری ڈیمانڈ ہے۔ اورٹکٹیں فروخت کرنے والی آفیشیل ویب سائٹ کریش ہوگئی ہے۔ میچ ٹکٹ بک کرنے کی سب سے مقبول ویب سائٹوں میں سے ایک پلایٹنم لسٹ ڈاٹ نیٹ پر دوپہر 12 بجے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہوا۔ شروع ہوتے ویب سائٹ کے ٹریفک میں 70 ہزار کا ہندسہ درج ہوا۔ اس کے سبب ٹکٹ ویب سائٹ کریش ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2022 کے دوسرے دن ہونے والے پاک بھارت مقابلے کے ٹکٹ کے لئے پرستاروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دونوں ہی ممالک کے کرکٹ مداح ہر حال میں اس مقابلے کا لطف اسٹیڈیم میں جاکر اٹھانا چاہتے ہیں۔ یہی سبب ہے کہ ان کے درمیان ٹکٹ خریدنے سے متعلق ہلچل مچی ہوئی ہے۔
ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’بھارت بمقابلہ پاکستان میچ کے ٹکٹوں کی پہلی کھیپ فروخت ہو چکی ہے اور منتظمین اگلے دنوں میں ٹکٹوں کی اگلی کھیپ جاری کریں گے۔ باقی تمام میچز فروخت پر ہیں، لہذا ٹکٹ خریدنے کے لیے براہ کرم قطار میں رہیں۔‘تقریباً 50 منٹ کے ممکنہ انتظار کے ساتھ بکنگ کھلنے کے بعد 5000 سے زیادہ شائقین قطار میں کھڑے تھے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم اور شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں بقیہ میچوں کے ٹکٹ انڈیا - پاکستان کھیل کے مہمان نوازی کی کیٹگری کے ٹکٹوں کے ساتھ دستیاب تھے، جن کی قیمت 2500 درھم ہے۔
ایشیا کپ 2022 کے لئے دونوں ٹیمیں اس طرح ہیں:
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، آصف علی، فخر زماں، حیدر علی، حارث روف، افتخار احمد، خوش دل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شہنواز دہانی اور عثمان قادر۔
بھارت: روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہل (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، دیپک ہڈا، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، آر اشون، یجویندر چہل، روی بشنوئی، بھونیشور کمار، ارش دیپ سنگھ اور اویش خان۔