سعودی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری 

سعودی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری 
کیپشن: سعودی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری 

ایک نیوز:سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے دورہ پاکستان پر دفتر خارجہ نے تفصیلی اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے 15 سے 16 اپریل پاکستان کا دورہ کیا۔سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے پاکستان کے سرکاری دورے پر ایک وزارتی وفد کی قیادت کی۔وفد میں سعودی وزیر ماحولیات، آب و زراعت، صنعت و معدنی وسائل، معاون وزیر سرمایہ کاری، سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے جنرل سیکرٹری, وزارت توانائی اور سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے سینئر حکام بھی شامل تھے۔

اعلامیہ کے مطابق دورے کا مقصد وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان حالیہ مکہ ملاقات کے دوران طے پانے والے مفاہمت کی پیروی کرنا تھا۔ ملاقات کا مقصد دو طرفہ اقتصادی تعاون کا فرواور اس سلسلے میں بات چیت کو تیز کرنا تھا۔

سعودی وفد نے صدرمملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔صدر آصف علی زرداری نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے ان کی دور اندیش قیادت کی تعریف کی جس نے مملکت کو حقیقی معنوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر زور دیا ۔صدر نے دوطرفہ اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران کیے گئے فیصلوں پر تیزی سے عمل کرنے پر سعودی وفد کو سراہا۔انہوں نے پاکستان میں پہلی سعودی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کو سراہا۔انھوں نے زور دیا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو آسان بنانا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں تفصیلی بات چیت کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے ’سعودی پاک سرمایہ کاری کانفرنس‘ کی مشترکہ صدارت بھی کی۔بعد ازاں دونوں ممالک کی درمیان اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے اہم شعبوں پر سیکٹر وار بات چیت ہوئی۔دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تجزیوں کا تبادلہ کیا۔وزیر خارجہ ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے پیش کردہ وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔
 اعلامیہ کے مطابق دورے کی خاص بات 'سعودی عرب پاکستان سرمایہ کاری کانفرنس' تھی۔ کانفرنس کی دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ صدارت کی۔ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر خارجہ ڈار نے یقین ظاہر کیا کہ یہ کانفرنس پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گی۔ پاکستان نے سرمایہ کاری کو ہموار کرنے کے لیے خصوصی  SIFC کے فریم ورک کے تحت حالیہ قانونی اور انتظامی اصلاحات پر تفصیلی پریزینٹیشن دی۔ سعودی عرب نے SIFC کے کردار کو سراہا۔سعودی وفد نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحولیاتی نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔بعد ازاں دونوں ممالک کی متعلقہ تکنیکی ٹیموں نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ان شعبوں میں توانائی، کان کنی، قابل تجدید ذرائع، زراعت، آئی ٹی، تعمیرات اور انسانی وسائل کی ترقی اور برآمدات شامل ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان میں اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ رشتوں پر زور دیا جو متنوع، وقتی اور کثیر جہتی ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔فریقین نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور وہاں اسرائیلی مظالم کے خاتمے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں برادر ممالک کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطح ملاقاتوں کا حصہ ہے۔یہ اسٹریٹجک وژن کی وضاحت کی بھی عکاسی کرتا ہے جس کے ساتھ دونوں فریق اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔