ویب ڈیسک : پاکستان تحریک انصاف نے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی و سینئر رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی اور ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر گفتگو بھی کی۔
اسد قیصر نے دونوں جماعتوں میں رابطوں کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ ملاقاتوں میں بھی کچھ تحفظات پر ہم نے بات کی تھی، انکو پہلے دور کرنے کی ضرورت ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دونوں جماعتوں میں مستقل رابطوں کی ضرورت ہے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بیرون ملک واپسی پر تحفظات کو دور کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل بنائیں گے۔