ایک نیوز: عید سے قبل ہی عوام کو مہنگائی کے تحائف ملنا شروع ہوگئے ہیں رات گئے پٹرول بم گرایا گیا اور آج صبح ایل پی جی کی قیمت بڑھا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عید سے قبل ہی غربت کی چکی کے پاٹوں میں پسی عوام کو مزید مہنگائی کے تحفے ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ رات گئے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا اور اتوار کی صبح ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔ایل پی جی کی قیمت میں اس نئے اضافے سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120 روپے جب کہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 450 روپے اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث مہنگائی کے ستائے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ایل پی جی کی سرکاری قیمت 229 روپے فی کلو مقرر ہے۔ بڑے شہروں میں ایل پی جی 310 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں ایل پی جی 330 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جب کہ گلگت بلتستان میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 360 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشنز عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جب کہ حکومت خاموش تماشائی بن کر عوام کے لٹنے کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ رات گئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 272 سے بڑھ کر 282 روپے ہوگئی۔
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کی گئی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔