راولپنڈی میں کاروباری شخصیت کواغواکے بعدقتل کردیاگیا

راولپنڈی میں کاروباری شخصیت کواغواکے بعدقتل کردیاگیا
کیپشن: A businessman was killed after being kidnapped in Rawalpindi

ایک نیوز:راولپنڈی میں کاروباری شخصیت کواغواکرکے قتل کرنےوالے ملزم پولیس کی گرفت میں نہ آسکے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ مورگاہ کے علاقے ڈیفنس روڈ پر فرحان اسرار اپنے دوست و ملازم کے ہمراہ گاڑی پر ڈیفنس جا رہے تھے کہ اچانک ویگو گاڑی جس پر پولیس کی ریوالونگ لائٹ بھی لگی ہوئی تھی میں سوار کالے رنگ کی وردیوں میں ملبوس مسلح افراد نے گاڑی زبردستی رکوائی۔
ملزمان نے فرحان اسرار کو ہتھکڑی لگا کر اپنی گاڑی میں بٹھا لیا اور ہمراہ موجود افراد کو دیگر مسلح افراد نے کور کرکے انکی گاڑی میں لیکر چلنا شروع کیا تو کچھ فاصلے پر مغوی سے مزاحمت کے دوران ملزمان نے فائرنگ کی۔
گولی فرحان اسرار کے چہرے پر لگنے سے وہ موقع پرہی دم توڑ گیا جس پر ملزمان گاڑی چھین کر متوفی کی ہتھکڑی لگی لاش اور ساتھ موجود دونوں افراد کو فوجی فاونڈیشن ہسپتال کے باہر پھینک کر فرار ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس و فرانزک ایجنسی کے حکام موقع پر پہنچے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئےہسپتال منتقل کرکے شواہد اکھٹے کیے۔
حکام کاکہناتھاکہ پیڑولیم و ہوٹلنگ کے کاروبار سے منسلک کاروباری شخصیت فرحان اسرار کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ کلائنٹس میں غیر ملکی کمپنیز بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مقتول پیڑولیم کا کاروبار بھی کرتا تھا، تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ فوجی فاونڈیشن ہسپتال کے باہر اور جہلم روڈ سمیت ڈیفنس روڈ جہاں سے ان افراد کو اغواء کیا گیا وہاں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔