شہریوں کو بااختیار بنانےمیں جمہوریت کا اہم کردار ہے:صدرمملکت

Sep 15, 2024 | 13:32 PM

ایک نیوز:صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم جمہوریت کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے یوم جمہوریت منا رہے ہیں، شہریوں کو بااختیار بنانے، سیاسی عمل میں شرکت کے فروغ میں جمہوریت کا اہم کردار ہے۔
 صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جمہوریت ایک منصفانہ معاشرے کی بنیاد ہے، پاکستان کی سیاست کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو جیسے رہنماؤں نے ملک میں جمہوری عمل کی بحالی اور استحکام کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں، جمہوریت حقوق کے تحفظ اور سیاسی، اقتصادی اور سماجی شمولیت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔
 صدرکا کہنا تھا کہ جمہوریت عوام کی سیاسی عمل میں شرکت، سیاسی تنوع اور عوامی حقوق کے تحفظ کا نام ہے، شہریوں کے سیاسی، اقتصادی اور سماجی حقوق کا تحفظ جمہوریت کو دیگر نظام ہائے حکومت سے ممتاز کرتا ہے،عوامی نمائندگی کے ذریعے جمہوریت کے تحفظ، پالیسیوں کی تشکیل اور ملک کے اہم ترین مسائل کے حل میں پارلیمان کا اہم کردار ہے۔
 صدرزرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ مسائل کے حل، شمولیت اور پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے بنیادی ادارہ ہے،آج کے دن ہم جمہوریت کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں،جمہوری اصولوں کے تحت ہی ہم مساوات، سماجی اور اقتصادی انصاف، قانون کی حکمرانی اور آزادیٔ اظہار حاصل کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں