ایک نیوز(چودھری اشرف)بیٹی کے بعد ماں بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں آئی سی سی ایونٹ کا حصہ بن گئی، پاکستان کرکٹ کیلئے ایک اور اعزازیہ ہے کہ سلیمہ امتیاز آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف ڈیویلپمنٹ امپائرز میں نامزدہو گئیں۔
کراچی سے تعلق رکھنے والی پی سی بی ایلیٹ پینل کی امپائر سلیمہ امتیاز کو آئی سی سی نےپینل آف ڈیو یلپمنٹ امپائرز میں شامل کر لیا ہے، سلیمہ امتیاز کل سے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان شروع ہونے والی سیریز میں امپائرنگ کریں گی۔
وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں،اس نامزدگی کے بعد وہ دو طرفہ انٹرنیشنل سیریز اور آئی سی سی ویمنز ایونٹس میں امپائرنگ کرسکیں گی، سلیمہ امتیاز جنوبی افریقہ ویمنز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز میں امپائرنگ کریں گی۔
سلیمہ امتیاز کا کہنا تھا کہ یہ صرف میرے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے خوشی کا موقع ہے، مواقع فراہم کرنے پر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکرگزار ہوں، مجھے امید ہے اس نامزدگی سے دیگر خواتین کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی ہوگی، پی سی بی نے اس سیزن کے لیے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
واضح رہے سلیمہ امتیاز پاکستان کی انٹرنیشنل وومن کرکٹر کائنات امتیاز کی والدہ ہیں۔