ایک نیوز : پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
ترجمان تحریک انصاف کاکہنا ہے کہ عدالتِ عظمیٰ کا چئیرمین تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ خوش آئند اور آئین کی بالادستی ہے سپریم کورٹ کا فیصلہ چئیرمین تحریک انصاف کی نہیں بلکہ حق اور انصاف کی جیت ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی مکمل تائید و توثیق کا اعلان کرکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق نیب قوانین میں غیر آئینی ترامیم کے ذریعے قوم کے اربوں روپے کی چوری معاف کرکے نئے سرے سے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی گئی۔سپریم کورٹ کے فیصلے نے واضح کر دیا کہ نیب ترامیم آئین اور بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں۔
ترجمان کاکہنا تھاکہ پی ڈی ایم نے سازش کے تحت ملک پر مسلط ہوتے ہی نیب کا بھرپور استحصال کرتے ہوئے ادارے کو اپنے سیاسی مفادات کیلئے استعمال کیا۔این آر او ٹو کے حصول کی غرض سے اقتدار میں آنے والوں نے احتساب کے مرکزی ادارے کو ایک کٹھ پتلی کا درجہ دے کر محصور کردیا۔غیرآئینی ترامیم کے نتیجے میں قومی خزانے لوٹنے والوں کو یکے بعد دیگرے ڈرائی کلین کر کے اقتدار کے ایوانوں میں لا کر بٹھایا گیا۔شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز، اسحاق ڈار ، زرداری جیسے لٹیروں کو ریلیف دینے کے بعد ایک مفروراشتہاری کو بھی لندن سے امپورٹ کرنے کا وعدہ کیا گیا۔سپریم کورٹ نے مجرموں کے گروہ کے خود ساختہ این آراو ٹو کو اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔
ترجمان کے مطابق عدالتِ عظمیٰ نے واضح کر دیا کہ شریف اور زرداری مافیاز کی لوٹی ہوئی دولت پر صرف پاکستانی قوم کا حق ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قوم کے اربوں روپے لوٹنے والے مجرمان کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔این آر او ٹو کے ذریعے بچی کھچی دولت سمیٹ کر ملک سے بھاگنے والوں کو فوراً واپس لا کر ان سے جواب طلب کیا جائے۔نیب اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے بحال کردہ ریفرنسز پر از سرِ نو تحقیقات کا آغاز کرے۔
تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق قوم کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کی اصلیت اور حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔عدالتِ عظمیٰ کے تاریخی فیصلے سے آج ایک بار پھر عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا موقف درست ثابت ہوا۔