ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر منشیات ڈیلرز کیخلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن جاری، تین ہفتوں میں 7ہزار کلو سے زائد کی چرس برآمد کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق منشیات کی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیراطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سمیت ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سی سی پی او لاہور ،کمشنر ، سیکرٹریز صحت نے شرکت کی ۔
آئی جی پنجاب نے منشیات ڈیلرز کیخلاف کریک ڈاؤن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 3ہفتوں میں 18کلوآئس،180کلو ہیروئن ،7100کلوچرس برآمد کی گئی ہے ، پنجاب بھر سے منشیات کے310بڑے ڈیلر گرفتارجبکہ 600ہاٹ سپاٹ کلیئر کیے گئے ہیں ،منشیات فروشی کے خلاف مہم میں 7500ملوث افراد کو بھی گرفتارکیا گیا ہے ،آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بھکاریوں کے بڑے ٹھیکیداروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے منشیات ڈیلرز کیخلاف کریک ڈاؤن مزیدتیزکرنیکاحکم جاری کرتے ہوئے منشیات کےعادی افرادکی بحالی کیلئے جامع پلان بھی طلب کرلیا، منشیات کےعادی افرادکی بحالی کیلئے این جی اوز سےاشتراک عمل کی تجویزپراتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نشہ کرنے والو ں کو معاشرے کا مفید شہری بنانا چاہتے ہیں،منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے مراکز میں بیڈز کی تعداد بڑھائیں گے۔