ایک نیوز: پی آئی اے کے مالی بحران کے حل میں پیش رفت سامنے آگئی۔ نجی بینک میں پی آئی اے کے لئے 5 ارب روپے کا قرضہ منظور کر لیا۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق قرض کی رقم موصول ہوتے ہی ساڑھے 3 ارب روپے سود کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔
پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ ارب روپے کی رقم دیگر امور کے لئے استعمال کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پی آئی اے کے 2 بوئنگ 777 طیارے بھی فضائی آپریشن میں شامل کئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کا مالی بحران شدید تر ہوگیا ہے۔ جس کے بعد ایئر لائن نے اندرون ملک اپنا فلائٹ آپریشن تقریبا معطل کرتے ہوئے پلان بی پر کام شروع کردیا ہے۔
اربوں روپے قرضوں کی دلدل میں پھنسی پی آئی اے کا مالی بحران حل نہ ہوسکا۔ نگراں حکومت نے پی آئی اے انتظامیہ کو ہری جھنڈی دکھا دی۔ ذرائع کے مطابق ملازمین کی تنخواہ تو دور ایئرلائن کے پاس جہازوں کے ایندھن کے پیسے بھی نہ رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شدیدمالی بحران کا شکار پی آئی اے نے پلان بی پر کام شروع کر دیا۔ فنڈز کی عدم فراہمی کے بعد پی آئی اے نے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بند کرنے پر غورشروع کردیا۔ جس کے تحت قومی ایئرلائن کا 15 سے 25 فیصد فلائٹ آپریشن محدود کیا جائے گا۔
پلان بی کے تحت غیر منافع بخش یا غیر اہم روٹس پر چلنے والی پروازوں میں کمی لائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں ڈمیسٹک ، دوسرے مراحلے میں انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن محدود ہوگا۔ اسلام آباد، لاہور ، کراچی ، گلگت اور اسکردو کی پروازیں محدود کی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں یو اے ای ، کویت ، سعودی عرب سمیت دیگر گلف ممالک کی پروازوں کو محدود کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے آپریشنل فلیٹ میں کمی کرتے ہوئے 16 جہاز گراؤنڈ کردیے ہیں۔
پی آئی اے کی نجکاری اور اثاثوں کی فروخت میں تیزی:
پی آئی اے کی نجکاری اور اثاثوں کی فروخت کے معاملہ میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ حکومت نے پی آئی اے کے امریکا میں روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت کے لئے اقدامات تیز کردیے۔ روز ویلٹ ہوٹل کی نیلامی کے لئے فنانشل ایڈوائز کے تقرر کے لیے پیشکش طلب کرلی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ فنانشل ایڈوائزر کے لیے نجکاری کمیشن نے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کے لیے فنانشل ایڈوائزری کے لئے دلچسپی رکھنے والے فرمز سے 9 اکتوبر تک درخواستیں جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
درخواست کے ساتھ ایک ہزار ڈالر فیس جمع کرانا ہوگی۔ روزیلٹ کے لیے فنانشل ایڈوائزر کے طور درخواستیں دینے کے لیے تکنیکی دستاویز نجکاری کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ یاد رہے کہ پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل کو سرکاری اداروں کی نجکاری کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔