ایک نیوز: نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں چین کے قائم مقام قونصل جنرل چاؤکی(Mr.Cao Ke) نے ملاقات کی،جس میں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے دورہ چین کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قائم مقام چینی قونصل جنرل نے وزیراعلی محسن نقوی کے دورہ چین کو اہم پیشرفت قرار دیا۔دورہ چین کے دوران زرعی، انڈسٹریل اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا جائزہ لیاجائے گا۔وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب کا وفد چین کے ون ونڈو آپریشن کا مشاہدہ کرے گا۔
محسن نقوی نے چین کے قائم مقام قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے چین کا ون ونڈو آپریشن سسٹم دنیا بھر میں بہترین ماڈل ہے۔آئی ٹی سیکٹر میں نجی شعبے کے باہمی اشتراک کار کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔زراعت کے شعبے اور سموگ سے نمٹنے کے لئے چین کے تعاون کاخیر مقدم کریں گے۔چین کی زرعی یونیورسٹیوں کے پنجاب کی ایگریکلچرل یونیورسٹیوں اور کالجز سے الحاق کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
قائم مقام چینی قونصل جنرل نے کہاکہ دوستوں کے لئے دروازے کھلے رکھتے ہیں،پاکستانی دوستوں کا بھرپور خیرمقدم کریں گے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کے وفد کے دورہ چین کے منتظر ہیں۔
صوبائی وزیر صنعت و زراعت ایس ایم تنویر نے کہاکہ پنجاب میں سیڈ لیس اورنج اور چاول کے ہائبرڈ بیج کی کاشت کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر،عامر میر،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری وزیراعلیٰ عملدرآمد اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا نرسوں کی تعداد بڑھانے کے لئے تاریخ ساز اقدام۔نگران وزیر اعلی محسن نقوی کی کالج آف نرسنگ جناح ہسپتال آمد، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد دوگنا کرنے کے پروگرام کا آغاز کر دیا۔
2900 مزیدنرسوں کے لئے 4سالہ کورس کی ایوننگ شفٹ شروع ہوگئی۔
نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد بڑھانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ سٹوڈنٹس کے داخلے کاایک برس ضائع ہوا،ہم نے اجلاس کرکے فیصلہ کیا کہ نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد بڑھائی جائے گی۔بیرون ملک نرسو ں کی بہت ڈیمانڈ ہے۔پہلے پالیسی تھی کہ نرسوں کوباہر نہیں جانے دینا،ہم نے 2900نرسوں کی تربیت کے لئے یہ پروگرام شروع کیاہے اور نرسوں کے لئے بیرون ملک جانے پر این او سی 3روز میں اجراء کرنے کی پالیسی بنائی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہماری حکومت نے اب تک تقریباً 800 نرسو ں کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے،نرسوں کو بیرون ملک جاب ملتی ہے تو حکومت پورا سپورٹ کرے گی،چھٹی سمیت تمام این او سی کاعمل 3رو ز میں مکمل ہوگا،نرسز باہر جائیں اور عزت سے کمائیں اور ملک کانام روشن کریں،مظفر گڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال کے ساتھ نرسنگ سکول بنایا جائے گا،پاکستان کڈنی اینڈ لیو رٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں بھی نرسنگ سکول شروع کیاجائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ نرسزکے ہاسٹلز کو بد ترین حالت میں دیکھ کر بہت افسوس ہوا، اگلے دوچار ماہ میں نرسز ہاسٹلز کی حالت بہتر بنائیں گے،نرسز ہاسٹل کی تعمیر وبحالی کا کام جلد شروع کردیاجائے گا، پوری کوشش ہے کہ 5 ہزار کی بجائے 10 ہزار نرسز کو داخلہ دیاجائے ،کچھ روز قبل محکمہ خارجہ سے نرسزکی ڈیمانڈ کے حوالے سے دریافت کیا اور نرسنگ کا شعبہ ڈیمانڈ میں ٹاپ لسٹ پر ہے،ہماری نرسز محنتی او رپروفیشنل ہیں اور ان کی ڈیمانڈ پوری دنیا میں ہے ،نرسز چارسالہ کورس میں عربی اور انگلش زبان لازمی سیکھیں۔
محسن نقوی نےمزید کہا کہ اگر نرسز انگلش اور عربی سیکھ جائیں گی تو ان کی تنخواہ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا،پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون کے ساتھ بھی نرسز کی ٹریننگ ہونی چاہیے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئے داخلے کے لئے منتخب ہونے والی نرسوں کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، سیکرٹری صحت، سیکرٹری اطلاعات، سپیشل سیکرٹری(ڈویلپمنٹ)سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج،ایم ایس جناح ہسپتال، ڈی جی نرسنگ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، پرنسپل سمزاور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔