ایک نیوز: رینجرز نے خفیہ اطلاع پر بلدیہ ٹاؤن میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تقریباً ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی چینی برآمد کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے چینی اور دیگر اناج کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کراچی کے علاقے اسلام نگر بلدیہ ٹاؤن، حب ریور روڈ پر واقع دو مختلف گوداموں سے مجموعی طور پر چینی کی ایک لاکھ 40 ہزار بوریاں برآمد کی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ برآمد کی جانے والی چینی کی مالیت تقریباً ایک ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ ذخیرہ شدہ چینی مبینہ طور پر بلوچستان کے راستے افغانستان بھیجی جانی تھی، برآمد شدہ چینی مزید قانونی کارروائی کیلئے سول انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کورنگی میں بھی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جانا ہے جس میں بھاری مقدار میں آٹا اور چینی بڑی مقدار میں برآمد کیے جانے کی توقع ہے۔
کراچی: ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن،2 گوداموں سے 1 ارب سے زائد کی چینی برآمد
Sep 15, 2023 | 12:36 PM