بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن،سینکڑوں گرفتار،ہزاروں مقدمات درج

بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن،سینکڑوں گرفتار،ہزاروں مقدمات درج
کیپشن: بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن،سینکڑوں گرفتار،ہزاروں مقدمات درج

ایک نیوز: ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا جس کے دوران متعدد بجلی چوروں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  سیکریٹری پاور راشد لنگڑیال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا ہے کہ بجلی چوروں سے ریکوری ایک ارب74کروڑ80 لاکھ روپے پر پہنچ گئی،گذشتہ روز تک بجلی چوروں سے ریکوری کاحجم 95 کروڑ 10 لاکھ روپے تھا،حالیہ 8روزہ کاروائیوں میں 5 ہزار193 مقدمات کا اندارج کیا گیا،گزشتہ روز تک مقدمات کی تعداد 4 ہزار 241 تھی،کریک ڈاؤن میں 560 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا،گذشتہ روز تک 490 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

 آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور 

ادھری لاہور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 24758 مقدمات درج، 15031 ملزمان گرفتار  کرلیے گئے ہیں،گذشتہ روز صوبہ بھر میں 1193 مقدمات درج، 46 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی چوروں کے خلاف 238 مقدمات درج کئے گئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف10451 مقدمات چالان، 10062 زیر تفتیش ہیں،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کے اشتراک سے نجی و کمرشل بجلی چور صارفین کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں،سپروائزری افسران بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں،بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی رپورٹس باقاعدگی سے سی پی او بھجوائی جائیں۔

ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا کہ ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔

دوسری جانب ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے بجلی کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کر کے ملزمان کے خلاف 5 مقدمات درج کیے ہیں۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن کی کارروائی

ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے گرین ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں کارروائی کی جہاں پر ملزمان نے اپنے گھروں، دکانوں میں ڈائریکٹ کنکشن لگائے ہوئے تھے۔

ملزمان گھریلو بجلی کے کنکشن کو کمرشل مقاصد کیلئےاستعمال کر رہے تھے اور فارم ہاؤس کو جاری کردہ ٹرانسفارمر کو بھی کمرشل سرگرمیوں کے لئے استعمال کر رہے تھے۔

بجلی چوری سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا، ٹرانسفارمر، میٹرز اور بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاروں کو قبضے میں لے لیا گیا، ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب بہاولنگر، ننکانہ، احمد پور شرقیہ، شورکوٹ اور روجھان میں بھی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد بجلی چور گرفتار کیے گئے ہیں۔

بجلی چوروں کےخلاف مقدمات درج کر کے ان کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں جبکہ متعدد نادہندگان کے بجلی کنکشنز منقطع کر کے ٹرانسفارمر ز اتار لیے گئے ہیں۔