نسیم شاہ، حارث رؤف ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا حصہ ہونگے؟

Sep 15, 2023 | 10:44 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: بابر اعظم کا کہنا ہےکہ پرامید ہیں کہ حارث رؤف اور نسیم شاہ ورلڈکپ میں 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف پہلے میچ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایشیا کپ کے دوران انجریز کا شکار ہونے والے فاسٹ باؤلرز حارث رؤف اور نسیم شاہ کی صحتیابی اورورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق گفتگو کی ہے۔ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز حارث رؤف اور نسیم شاہ بھارت کے خلاف میچ میں انجریز کا شکار ہوئے تھے۔ حارث رؤف پسلیوں میں تکلیف کے باعث بھارت کے خلاف اپنے اوورز مکمل نہیں کر سکے تھے جبکہ نسیم شاہ کندھے کی انجری کا شکار ہو کر ایشیا کپ سے باہر ہو گئے تھے۔

حارث اور نسیم شاہ کی انجری کے باعث زمان خان اور شاہنواز دھانی کو متبادل باؤلرز کے طور پر سری لنکا طلب کیا گیا تھا اور زمان خان نے سری لنکا کے خلاف میچ بھی کھیلا تھا اور دونوں باؤرلز ورلڈکپ میں بھی حارث اور نسیم کے متبادل کے طور پر شامل ہو سکتے ہیں اگر دونوں پیسرز صحتیاب نہ ہو سکے۔

بھارت میں

ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے، کرکٹ بورڈز کے پاس 28 ستمبر تک کھلاڑیوں کا اعلان کرنے اور انہیں تبدیل کرنے کا موقع ہے۔اس کے بعد اعلان کردہ 15 کھلاڑیوں میں تبدیلی کے لیے آئی سی سی اجازت درکار ہو گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پرامید ہیں کہ دونوں فاسٹ باؤلرزورلڈکپ میں 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف پہلے میچ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

تاہم جب حارث رؤف اور نسیم شاہ کی غیر موجودگی میں دوسرے پلان سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے واضح جواب دینے کے بجائے صرف اتنا کہا کہ میں آپ کو بعد میں بتاؤں گا۔بابر اعظم کا کہنا تھا ابھی اپنا پلان بی آپ کو نہیں بتا سکتا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ حارث رؤف کی انجری کوئی بڑی نہیں ہے اور وہ ورلڈکپ سے پہلے مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ نسیم شاہ کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا نہیں معلوم کہ نسیم شاہ کب تک فٹ ہوں گے لیکن مجھے امید ہے کہ وہ بھی ورلڈکپ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہونے جا رہا ہے اور اب ورلڈکپ سے قبل پاکستان کے کوئی آفیشل ون ڈے میچز نہیں ہیں تاہم پاکستان نے 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلنے ہیں۔

مزیدخبریں