ایک نیوز: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا ملبہ باؤلنگ اور فیلڈنگ پر ڈال دیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں سری لنکا کو جیت کے لیے 42 اوورز میں 252 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستانی باؤلرز ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے اور سری لنکا نے مطلوبہ ٹارگٹ 42 ویں اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔سری لنکا کی جانب سے کشال مینڈس نے 91 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ چاریتھ اسالانکا نے 49 اور سدیرا سمارا وکرما نے 48 رنز بنائے۔سری لنکا سے شکست کے بعد گرین شرٹس ایشیا کپ سے بھی باہر ہو گئے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا سری لنکا نے بہتر کرکٹ کھیلی، ہماری باؤلنگ اور فیلڈنگ اچھی نہیں رہی۔بابرا عظم نےکہا مڈل اوورز میں ہمارے باؤلرز اچھی گیندیں نہیں کرا سکے، آغاز اچھا کیا اور اختتام بھی مگر کھیل کے درمیانی اوورز میں ہم اچھا پرفارم نہیں کر سکے۔
دوسری جانب سری لنکن داسُن شناکا کا کہنا تھا کہ کھیل ہمارے کنٹرول میں تھا لیکن ہمیں اسے آخر وقت تک قابو میں رکھنا چاہیے تھا۔داشن شناکا کا کہنا تھا پاکستان کو میچ میں دوبارہ واپس آنے کا موقع دیا لیکن اسالنکا نے اپنے حواس پر قابو رکھتے ہوئے ٹیم کو میچ جتوا دیا۔